پاناما لیکس،پیپلزپارٹی کا ٹی او آرز کمیٹی سے علیحدگی ،وزیراعظم کے خلاف نا اہلی ریفرنس دائر کرنیکا اعلان

بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کور کمیٹی کا اجلاس، وزیراعظم اور اہلخانہ کو پانامہ انکشافات پر جوابدہ ہونا پڑے گا،بلاول بھٹو حکومت وزیراعظم اور اہلخانہ کی جوابدہی پر راضی نہیں، خورشید شاہ،کوشش ہے کہ اس بار اپوزیشن ایک ہی کنٹینر پر ہو،اعتزاز احسن کی بریفنگ پیپلزپارٹی نوازشریف، شہبازشریف، حمزہ شہباز،مریم نواز کی نااہلی کیلئے ریفرنس دائر، کیپٹن صفدر کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائیگا،لطیف کھوسہ

جمعہ 24 جون 2016 10:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24جون۔2016ء)پاکستان پیپلزپارٹی نے پاناما لیکس پر بننے والی ٹی او آرز کمیٹی سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے وزیراعظم کے خلاف نا اہلی کا ریفرنس دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔عید کے بعد حکومت کے خلاف احتجاج میں تما م اپوزیشن ایک ہی کنٹینر پر ہوں گی۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس زرداری ہاؤس اسلام آبادمیں منعقد ہوا،جس میں قومی اسمبلی میں قائد خزب اختلاف سید خورشید شاہ،سینیٹر اعتزاز احسن،سینیٹرشیری رحمان،سینیٹر فرحت اللہ بابر ، لطیف کھوسہ سمیت پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور ان کے اہلخانہ کو پانامہ انکشافات پر جوابدہ ہونا پڑے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے بیٹے کے اغواء اور امجد صابری کے قتل پر تشویش کا اظہار بھی کیا کہ ہم دہشت گردوں کے سامنے ہار نہیں مانیں گے اجلاس میں پاناما لیکس پر بننے والی ٹی او آرز کمیٹی کے اجلاسوں کا جائزہ لیا گیا اور کمیٹی میں شامل پارٹی رہنماوٴں نے اجلاسوں کی کارروائیوں سے آگاہ کیا قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت وزیراعظم اور اہلخانہ کی جوابدہی پر راضی نہیں ہے پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اعتزاز احسن نے کہا کہ ہم نے ٹی او آر کی پارلیمانی کمیٹی سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اب ہمارا اس کمیٹی سے کوئی تعلق نہیں، اس معاملے پر اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے بھی رابطے کریں گے، کوشش ہے کہ اس بار اپوزیشن ایک ہی کنٹینر پر ہو۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے 4 میں سے 3 ٹی او آرز من و عن تسلیم کیے لیکن حکومت اس معاملے کو طول دینا چاہتی ہے اور کمیٹی کمیٹی کھیلنا چاہتی ہے۔اعتزاز احسن نے کہا کہ جن لوگوں کا نام پاناما لیکس میں آیا ان کا احتساب ہوگا اور اس کا آغاز بھی وزیراعظم کے خاندان سے ہوگا، اپوزیشن نے بہت لچک دکھائی اور وزیراعظم کو نام کلیئر کرنے کا موقع دیا جب کہ وزیراعظم کے کسی خاص احتساب کی کوئی تجویز بھی نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس میں وزیراعظم کے خاندان کا نام آیا ہے، وزیراعظم احتساب کے لیے پیش ہونا چاہتے ہیں لیکن وزرا انہیں نہیں آنے دیتے اور اب نوازشریف جان بوجھ کر وطن واپس آنے سے گریز کررہے ہیں جس کے بعد پی پی قیادت نے ٹی او آر کمیٹی سے علیحدگی اور وزیراعظم سمیت دیگر کے خلاف نااہلی کا ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا۔اس موقع پر لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی وزیراعظم نواشریف، شہبازشریف، حمزہ شہباز اور مریم نواز کی نااہلی کے لیے ریفرنس دائر کرے گی جب کہ کیپٹن صفدر کی نااہلی کے لیے بھی الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائے گا۔

۔ کور کمیٹی کے اجلاس میں کراچی کی سکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں امجد صابری کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔جبکہ اس موقعہ پر آزاد کشمیر میں ہونے والے انتخابات پر مشاورت بھی کی گئی۔کور کمیٹی نے آئندہ تمام معاملات کی حکمت عملی پارٹی رہنماوٴں کی مشاورت سے بنانے کا فیصلہ کیا۔