اسحاق ڈار کی چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے ملاقات

بیٹے اویس شاہ کی بازیابی کے لئے وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی

ہفتہ 25 جون 2016 10:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25جون۔2016ء)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے چیف جسٹس آف سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجاد علی شاہ سے ملاقات کی ہے اور ان کے بیٹے اویس شاہ کی بازیابی کے لئے وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف کی خصوصی ہدایت پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے ملاقات کی اور وزیراعظم کی جانب سے اوپس شاہ کے اغواء پر دکھ کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ نے چیف جسٹس آف سندھ ہائی کورٹ کو آگاہ کیا کہ ”اویس شاہ کی بازیابی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، تمام حساس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل رابطے میں ہیں“۔وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ”اغواء کاروں کا تعاقب کررہے ہیں اور جلد ان تک پہنچنے میں کامیاب ہوجائیں گے، اویس شاہ کا اغواء امن دشمنوں کی سازش ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا“۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے سجاد علی شاہ نے وفاقی حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر شکریہ ادا کیا۔واضح رہے بیرسٹر اویس شاہ کو 21 جون کی دوپہر کلفٹن میں واقع نجی سپر مارکیٹ کے قریب سے اغواء کیا گیا تھا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق کارروائی کے بعد اغواء کار اویس شاہ کو ایس پی پلیٹ نمبر والی گاڑی میں لے کر کامیابی سے فرار ہوگئے تھے۔عینی شاہدین کے مطابق اغواء کار سادہ کپڑوں میں تھے اور انہوں نے پولیس کیپس پہنی ہوئی تھیں، چار روز گزر جانے کے باوجود چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے صاحبزادے کا تاحال کوئی سراغ نہیں لگایا جاسکا۔

متعلقہ عنوان :