عبدالستار ایدھی اور امجد صابری پاکستان کے ہیرو ،دونوں نے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشناس کرایا ہے ،پرویز رشید

عبدالستار ایدھی کی خدمات کے سامنے پاکستان کے تمام اعزازات کم ہیں، ان کی شخصیت بہت بڑی اور اعزازات بہت چھوٹے ہیں قوم امجد صابری کی امن کی شمع اور مشن کوجاری رکھیں، وفاقی حکومت کی جانب سے یقین دہانی کراتا ہوں امجد صابری کے قتل میں ملوث ملزمان جلد گرفتار کر لیا جائے گا ، میڈیا سے گفتگو

پیر 27 جون 2016 10:10

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جون۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی اور امجد صابری پاکستان کے ہیرو ہیں ۔ دونوں نے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشناس کرایا ہے ۔ عبدالستار ایدھی کی خدمات کے سامنے پاکستان کے تمام اعزازات کم ہیں ۔ عبدالستار ایدھی کی شخصیت بہت بڑی اور اعزازات بہت چھوٹے ہیں ۔

قوم امجد صابری کی امن کی شمع اور مشن کوجاری رکھیں ۔ وفاقی حکومت کی جانب سے یقین دہانی کراتا ہوں کہ امجد صابری کے قتل میں ملوث ملزمان جلد گرفتار کر لیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کراچی میں معروف سماجی رہنما اور ایدھی فاوٴنڈیشن کے سربراہ عبدالستار ایدھی کی عیادت اور لیاقت آباد میں معروف قوال امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن اور مسلم لیگ (ن) سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر نہال ہاشمی کے ہمراہ میٹھا در میں واقع ایدھی ہاوٴس گئے ، جہاں انہوں نے عبدالستار ایدھی کی عیادت کی ۔ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی جانب سے عبدالستار ایدھی کی خیریت دریافت کی ۔ انہیں گلدستہ پیش کیا اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔

بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر عبدالستار ایدھی کی خیریت دریافت کرنے آیا ہوں ۔ ایدھی صاحب نے دکھی انسانیت کے لیے بے پناہ خدمات انجام دی ہیں اور اپنی اس خدمات کے بدولت پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشناس کرایا اور سماجی خدمات کی بدولت پاکستان کے عزت اور وقار کو دنیا بھر میں مزید مقام دلایا ۔

انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی انسانیت دوست اور خدمت گار کے طور پر پوری دنیا میں جانے جاتے ہیں ۔ پاکستان کی نسلیں انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کے لیے خدمات جاری رکھنا عظیم عبادت ہے ۔ عبدالستار ایدھی ہر پاکستانی کے دل میں بستے ہیں ۔ ان کی خدمات اتنی وسیع ہیں کہ پاکستان کے تمام اعزازات ان کی خدمات کے سامنے کم ہیں ۔

عبدالستار ایدھی کو حکومت ہر اعزازات سے نوازے گی ۔ ہماری خواہش ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو کر دوبارہ سے سماجی شعبے میں خدمات انجام دیں ۔ بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید ماروی میمن اور نیال ہاشمی کے ہمراہ لیاقت آباد میں واقع معروف قوال امجد صابری کی رہائش گاہ پہنچے ۔ انہوں نے امجد صابری کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور امجد صابری کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی ۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے نواز شریف کی جانب سے بھی امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہ اکہ امجد صابری خیرو برکت ، محبت اور پیار کی آواز تھے ۔ انہوں نے اپنی آواز کے ذریعہ دنیا میں امن کا پیغام عام کیا ۔ امجد صابری کے اہل خانہ صدیوں سے فن قوالی کے ذریعہ دنیا بھر میں امن و محبت کے پیغام کو عام کر رہے ہیں ۔

امجد صابری ایک نیک انسان اور عاشق رسولﷺ تھے ۔ امجد صابری پر حملے کا مقصد یہ ہے کہ شر کی قوتوں نے خیر پر حملہ کیا ہے لیکن ہم اس بات پر پرعزم ہیں کہ ہم متحد ہو کر شر کی قوتوں کا مقابلہ کریں گے ۔ قوم امجد صابری کے مشن کو جاری رکھے گی اور امجد صابری کی امن کی شمع کو ہمیشہ منور رکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت وفاقی حکومت کراچی میں قیام امن کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی اور امجد صابری کے قتل میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا ۔