”امریکہ کو پاکستان سے معافی منگوائی“

نشان پاکستان اور اسلام آباد میں پلاٹ دیا جائے زاہد غنی نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی

منگل 28 جون 2016 10:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28جون۔2016ء ) ملک و قوم کی خدمت کے اعتراف میں صدارتی تمغہ ” نشان پاکستان “اور اسلام آباد میں پلاٹ کی الاٹمنٹ کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے جس میں وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کو فریق بنایاگیا ہے ، درخواست گزار میاں زاہد غنی نے سپریم کورٹ میں دائر کردہ درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ پاکستان کے 1973کے آئین کے تحت جو شہری کوئی اچھا کام کرے گا اس کو انعام دیا جائے گا ،میں نے بطور صحافی ملکی مفاد کے لیے بے شمار کام کئے ہیں جن میں دنیا کی سپر پاور امریکہ کو پاکستان سے معافی منگوانے سمیت پاکستانی شہریوں کے امریکہ میں مسائل حل کرنا شامل ہیں ، پاکستانی نژاد امریکی شہری ایمل کانسی نے امریکہ میں 25جنوری 1993کو دو سی آئی اے افسران کو قتل اور دو کو زخمی کیا اور پاکستان بھاگ گیا ایمل کانسی کو امریکہ انٹیلی جنس نے پاکستان سے گرفتار کیا، ایمل کانسی پر امریکہ کی حکومت کی جانب 25لاکھ ڈالر کا انعام مقرر کیا گیا تھا ، ایمل کانسی کی گرفتاری کے بعد مقدمہ کے پراسیکیوٹر نے انعام کی رقم دینے کی مخالفت کرتے ہوئے بیان دیا اور پاکستانی قوم کی تضحیک کی جس سے ملک بھر میں احتجاج شروع ہوئے اور پاک امریکہ تعلقات میں ڈیڈلاک پیدا ہو گیا اور وزیراعظم نواز شریف نے مطالبہ کیا کہ امریکہ کا سرکاری وکیل پاکستانی قوم سے معافی مانگے لیکن وکیل رابرٹ ہوران اپنے موقف پر قائم رہے اور سفارتی سطح پر معافی کی کوششوں کے باوجود اس نے معافی نہیں مانگی جس پر میں نے اپنا کردار ادا کیا اور اس نے میرے کہنے پر معافی مانگی وزیراعظم کو معافی نامہ تحریری طور پر لکھا جس میں میرا کردار کا ذکر بھی کیا گیا ہے ، درخواست میں مزید کہا گیا کہ امریکہ میں ایک دفعہ لاکھوں کی تعداد میں پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کرنے کا خدشہ پیدا ہوا جس پر میں امریکی سینٹ کے نمائندوں کے ذریعے معاملے کو حل کرایا ،درخواست گزار میاں زاہد غنی نے مزید کہا کہ وزیراعظم نواز شریف اپنے دور حکومت سے میر ے کردار کی تعریف کیا کرتے تھے اور ان سے معتدد بار ملاقاتیں بھی ہوتی رہی لیکن مجھے میرے کام کا کوئی اعزاز نہیں دیا گیا ۔

(جاری ہے)

درخواست میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ اگر کوئی ملک و قوم کی خدمت کرے اور بین الاقوامی تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے تو اسے نشان پاکستان سے نوازا جاتا ہے ،میں نے ملک و قوم کی خدمت کے علاوہ بین الاقوامی تعلقات کے فروغ میں اپنا کردا ر ادا کیا ہے اس لیے مجھے صدارتی تمغہ ”نشان پاکستان“عطا کیا جائے اس کے ساتھ پانچ ،دس، بیس، چالیس یا پچاس کنال کااسلام آباد میں پلاٹ بھی دی جائے۔