عید پر دہشت گردی کا خطرہ،حساس اداروں نے پنجاب میں سکیورٹی الرٹ جاری کردیا

فیصل آباد میں پولیس نے 300 مشتبہ افرا د کو حراست میں لے لیا

پیر 4 جولائی 2016 10:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4جولائی۔2016ء) حساس اداروں نے عید کے موقع پر پنجاب بھر میں سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا ہے ۔ دہشت گردوں کی جانب سے مذموم کاروائیاں کرنے کا خدشہ ظاہر کر تے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاک افغان سرحد پر کشیدہ صورتحال کا فائدہ اٹھانے کیلئے پاکستان دشمن عناصر سرگرم ہیں اور عیدالفطر کے موقع پر دہشتگردی کی وارداتوں کا امکانہے جس پر حساس اداروں نے پنجاب بھر میں پولیس کو اطلاع کردی۔

حساس اداروں کی جانب سے عید پر پر دہشتگردی کے پیش نظر صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کی سفارش کی گئی ہے پاک افغان سرحد پر حالات کشیدہ ہونے کے باعث ان حملوں کا خطرہ ظاہر کیا گیاہے۔حساس اداروں نے صوبے بھر کے تمام پولیس افسران، سی پی اوز اور آر پی اوز کو سکیورٹی اقدامات کرنے کے لیے خط لکھ دیاہے۔

(جاری ہے)

خط میں خدشے کا اظہار کیا گیا ہے کہ دہشت گرد گروپوں کی جانب سے حساس تنصیبات، اہم شخصیات اور سکیورٹی اداروں پر حملے کیے جا سکتے ہیں۔

دوسری جانب پولیس نے چاند رات اور عید الفطر کے دنوں میں تخریب کاری اور دہشتگردی کے خطرہ کے پیش نظر ڈویژن بھر میں سے 300کے لگ بھگ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے جبجکہ 50سے زائد افراد کو پوچھ گچھ کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ اور صوبائی محکمہ داخلہ نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر فیصل آباد پولیس کو ہدایت کی تھی کہ وہ عید سے قبل مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جائے تاکہ چاند رات اور عید کے دنوں میں کسی قسم کا کوئی واقعہ رونما نہ ہو سکے چنانچہ فیصل آباد پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں کے علاوہ جڑانوالہ ، سمندری، چنیوٹ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور دیگر مقامات پر اچانک چھاپے مار کر ڈھائی سو سے زائد افراد جن کا تعلق افغانستان وزیرستان اور علاقہ غیر سے بتایا جاتا ہے کو حراست میں لیا ہے جبکہ ان میں سے بعض افراد سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

پولیس کے اس آپریشن میں دیگر حساس اداروں کے اہلکار بھی شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :