سعودی عرب میں 4 دھماکے،10افراد جاں بحق ہونیکی اطلاعات

مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ کے قریب کار پارکنگ اور جنت البقیع کے قریب دھماکے افطار سے کچھ دیر قبل ہوئے،حالات پر قابو پا لیا گیا،مسجد نبویﷺ میں معمول کے مطابق افطار اور تراویح ادا کی گئی مشرقی شہر قطیف اور جدہ میں بھی 2 دھماکے ، قطیف میں دھماکہ مسجد عمران کے قریب ہوا، حملہ آور ہلاک،جدہ میں امریکی قونصلیٹ کے قریب بھی دھماکہ ، دو سیکیورٹی اہل کار زخمی ہوئے

منگل 5 جولائی 2016 10:55

مدینة المنورہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5جولائی۔2016ء)سعودی عرب میں مدینہ منورہ ، مشرقی شہر قطیف اور جدہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران چار دھماکیہوئے ہیں۔ مدینہ منورہ میں ایک دھماکہ مسجد نبوی ﷺ کے قریب کار پارکنگ میں جبکہ دوسرا جنت البقیع کے قریب ہوا ہے۔ جنت البقیع کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں کم ازکم 10افرادکے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مدینة المنورہ میں مسجد نبوی ﷺکی پارکنگ میں مبینہ طور پر خودکش دھماکہ افطاری سے کچھ دیر قبل ہوا۔ دھماکے سے ایک کار میں آگ لگ گئی اور اس سے اٹھتا دھواں دور دور تک دیکھاگیاجس نے پارکنگ میں کھڑی کئی اور گاڑیوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ مدینہ منورہ سے ایک عینی شاہد منیر الدین کے مطابق مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے قریب دو دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، ایک دھماکا جنت البقیع کے قریب پارکنگ میں ہوا، تاہم لوگ نظم و ضبط کو برقرار رکھتے ہوئے وہاں موجود رہے اور انہوں نے وہاں افطار کی،دھماکوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں،نہ ہی کوئی زخمی ہوا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپوٹس کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی شہر قطیف اور جدہ میں بھی 2 دھماکے ہوئے،عرب میڈیا کے مطابق ایک دھماکے قطیف میں مسجد عمران کے قریب ہوا، جس میں حملہ آور ہلاک ہوا ہے،یہ دھماکہ خود کش حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔ پیر کے روز سعودی عرب کے شہر جدہ میں امریکی قونصلیٹ کے قریب بھی دھماکہ ہوا تھا جس میں دو سیکیورٹی اہل کار زخمی ہوئے تھے۔

ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ظاہر کیا جارہاہے ۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ مدینہ منورہ میں کوئی دھماکہ نہیں ہوا ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے مشق کی گئی ہے ۔جو معمول کی کارروائی کا حصہ تھیں ۔جبکہ آزادذرائع کاکہناہے کہ جنت البقیع کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں کم ازکم 10افرادکے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔

وسری جانب سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیرمنظورالحق کاکہناہے کہ تمام پاکستانی محفوظ ہیں اورمزیدمعلومات حاصل کررہے ہیں۔ مدینة المنورہ میں دھماکوں کے بعد سعودی سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر صورتحال پر قابو پالیا اور بعد ازاں مسجد نبویﷺ میں نماز تراویح کے نماز حسب معمول ادا کی گئی جس میں لوگوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔