سعودی وزیر داخلہ کے بیان پر تحقیقات جاری ہیں ، دفتر خارجہ

عبداللہ گلزار خان سے متعلق معلومات حاصل کی جا رہی ہیں، عیدالفطر کے موقع پر پاکستانی سفارتخانے کی کوششوں سے 82 پاکستانیوں کو بحرین کی جیلوں سے رہائی مل گئی ، بیان

بدھ 6 جولائی 2016 10:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6جولائی۔2016ء)دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی وزیر داخلہ کے حالیہ بیان پر تحقیقات جاری ہیں اور عبداللہ گلزار خان سے متعلق معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ عیدالفطر کے موقع پر پاکستانی سفارتخانے کی کوششوں سے 82 پاکستانیوں کو بحرین کی جیلوں سے رہائی مل گئی ہے۔دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد یا دہشت گردی کا کوئی ملک یا مذہب نہیں ہوتا، پاکستان ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور اس کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دینے کے علاوہ ہمیشہ عالمی برادری سے تعاون کیا ہے جو آئندہ بھی جاری رہے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریہ نے کہا کہ سعودی وزیر داخلہ کے حالیہ بیان پر تحقیقات جاری ہیں اور عبد اللہ گلزار خان سے متعلق معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر تمام شاپنگ سینٹرز، میڈیا ہاؤسز کو خصوصی سیکیورٹی دی جا رہی ہے اور جن افراد کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں انہیں بھی بھرپور سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ جذبہ خیر سگالی کے تحت بحرین کے حکام نے عید الفطر کے موقع پر جیلوں میں قید 82پاکستانی قیدیوں کو رہا کر دیا ہے،تمام افراد معمولی جرائم کی بناء پر جیلوں میں قید تھے جنہیں بحرین کے اعلیٰ حکام کی طرف سے رہا کرنے کی منظوری دی ہے،رہائی پانے والے تمام پاکستانی جلد اپنے اہلخانہ کیساتھ ہوں گے۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ پاکستانی سفارتخانے کی کوششوں سے پاکستانی قیدیوں کی رہائی ہوئی،بحرین میں تعینات پاکستانی سفیر جاوید ملک نے مئی 2016 میں پاکستانی قیدیوں سے ملاقات کی تھی جس میں پاکستانی سفیرنے بحرین کے متعلقہ حکام سے پاکستانی قیدیوں کامعاملہ اٹھایا تھا۔

متعلقہ عنوان :