محکمہ موسمیات نے عید ٹھنڈی گزرنے کا امکان ظاہر کر دیا

مون سون بارشوں کا سلسلہ عید کے دنوں میں بھی جاری رہے گا آج بدھ سے جمعہ کے دوران پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، فاٹا اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواؤں /آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران پہاڑی علاقوں میں سیلاب آنے کا خطرہ

بدھ 6 جولائی 2016 10:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6جولائی۔2016ء)محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی اور کچھ وسطی علاقوں میں اس ہفتے جاری مون سون بارشوں کا سلسلہ عید کے دنوں میں بھی جاری رہے گاجبکہ آج بدھ سے جمعہ کے دوران پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، فاٹا اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواؤں /آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران پہاڑی علاقوں میں سیلاب آنے کا خطرہ ہے۔

ملک کے شمالی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے علاوہ اگلے 3 روز کے دوران گرج چمک کیساتھ بارش کی توقع ہے۔ترجمان کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم دن کے دوران گرم اور مرطوب رہے گاتاہم (شام/رات) مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور، کوہاٹ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد ڈویڑن، فاٹا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواؤں /آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ 48گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ ڈویڑن، کشمیر (مظفرآباد، میرپور، پونچھ ڈویڑن)، فاٹا میں کہیں کہیں جبکہ ڈی جی خان، ملتان، بنوں اور ڈی آئی خان ڈویڑن میں بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں /آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

ترجمان کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی ڈویڑن اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا: دیر 02، کاکول01، کشمیر: مظفرآباد02، کوٹلی01 ، پنجاب:مری01 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت: نوکنڈی 47، دالبندین 46، سبی، شہید بینظیر آباد، رحیم یار خان43، موہنجودڑو، سکھر، روہڑی اور نور پور تھل میں42 جبکہ آج لاہور اور کراچی میں کم سے کم 29، اسلام آباد اور پشاور میں 27، کوئٹہ 23، گلگت 18، چترال 22اور ہنزہ میں 14ڈگری سینٹی گریٹ تک رہنے کا امکان ہے۔