کراچی، عبدالستار ایدھی کے سوئم میں سیاسی و سماجی شخصیات سمیت عوام کی بڑی تعداد کی شرکت،قرآن خوانی کا اہتمام

پیر 11 جولائی 2016 10:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11جولائی۔2016ء)فخر پاکستان عبدالستار ایدھی کے سوئم میں سیاسی و سماجی شخصیات سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، عبدالستار ایدھی کی روح کو ایصال ثواب پیش کرنے کے لئے اتوار کو کراچی کی میمن مسجد میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں سیاسی رہنماوٴں اور سماجی شخصیات سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، عبدالستار ایدھی کے سوئم کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور قرآن خوانی میں شریک ہونے والوں کو جامع تلاشی کے بعد اندر جانے کی اجازت دی گئی،عبدالستار ایدھی کے سوئم میں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور سندھ وقار مہدی، پیپلزپارٹی کے رہنماء سنیٹر سعید غنی ،راشد ربانی ،متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار،ڈاکٹر ارشد وہرا،سفیان یوسف ،پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء عارف علوی،حلیم عادل شیخ، پاک سرز زمین پارٹی کے ڈاکٹر صغیر احمد، وسیم آفتاب ،محمد دلاور، افتخار عالم،جمعیت علماء پاکستان کے قاضی احمد نوارانی،شیعہ علماء کونسل کے علامہ جعفر سبحانی،نظام مصطفیٰ پارٹی کے حاجی حنیف طیب،ڈاکٹر ادیب رضوی ،سنیٹر مولانا تنویر الحق تھانوی ،سہیل عابدی،سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے اہم رہنماوٴں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، دوسری جانب خواتین کے لئے میٹھادر ایدھی سینٹر میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں خواتین کی بڑی تعداد سمیت ایدھی ہوم کی بچیوں نے بھی اپنے مسیحا کی روح کو ایصال ثواب پیش کیا،اس موقع پر سیکیورٹی انتطامات کے تحت بولٹن مارکیٹ سے ٹاور تک شاہراہ کو صبح8بجے سے دوپہر 12 بجے تک بند کردیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :