ٹی او آرز کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کا اہم اجلاس 19 جولائی کو طلب

خورشید شاہ اورشا ہ محمود قریشی کے اپوزیشن کی تمام جماعتوں سے الگ الگ رابطے چوہدری شجاعت اور شیخ رشید نے اجلاس میں شرکت کی حامی بھر لی

منگل 12 جولائی 2016 10:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12جولائی۔2016ء)متحدہ اپوزیشن نے حکومت کیخلاف تحریک کو حتمی شکل دینے کیلئے منگل 19جولائی کو اسلام آباد میں اہم اجلاس طلب کرلیا ہے ۔اجلاس میں پارلیمنٹ میں موجود جماعتوں کے علاوہ پارلیمنٹ سے باہر اپوزیشن جماعتوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے ۔پیر کے روز اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء شا ہ محمود قریشی نے اپوزیشن کی تمام جماعتوں سے الگ الگ رابط کئے اور انہیں 19جولائی کو ہونیوالے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ۔

اپوزیشن لیڈر سید خورشید نے گزشتہ روز مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہی سے رابطہ کیا اور انہیں اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے جو انہوں نے قبول کر لی۔مسلم لیگ ق کی طرف سے دوٹوک الفاظ میں اپوزیشن کو بتادیا گیا ہے کہ پانامہ لیکس پر شریف برادران کے احتساب کیلئے بننے والے اتحاد کا وہ حصہ ہونگے اورحکومت کو پانامہ لیکس کے معاملے پر بھاگنے نہیں دینگے ۔

(جاری ہے)

ادھر شاہ محمود قریشی نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد سے رابطہ کیا جنہوں نے اجلاس میں شرکت کی یقین دہانی کرا دی ۔ اپوزیشن راہنما ایم کیو ایم ، اے این پی ، جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں سے آج منگل کو رابطہ کریں گے ۔19جولائی کو ایک مقامی ہوٹل میں ہونیوالے اجلاس میں حکومت کیخلاف یک نکاتی ایجنڈہ طے کیا جائے گا تاکہ حکومت کیخلاف بھرپور تحریک شروع کرکے نوازشریف کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا جائے ۔

اسلام آباد میں ہونیوالا متحدہ اپوزیشن کا یہ اجلاس بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ حکمرانوں کیخلاف بننے والے اس اتحاد میں پہلی بار عمران خان اور بلاول بھٹو زرداری کی شرکت متوقع ہے اور اگرچہ ڈاکٹر طاہرالقادری پارلیمنٹ میں نمائندگی نہیں رکھتے لیکن اجلاس میں انہیں مرکزی حیثیت حاصل ہوگی کیونکہ طاہرالقادری سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء حساب چکانے کیلئے بے تاب ہیں اور وہ حکومت کو خبردار کرچکے ہیں وہ سانحہ کی ایف آئی آر سے کسی طور پر دستبردار نہیں ہونگے اورہرصورت انصاف لے کر رہیں گے ۔