اگست میں سڑکوں پر ہونگے، شٹر ڈاؤن ہڑتال ،دھرنے سمیت ہرسطح پر احتجاج ہو گا ، حکومت نے بجلی اور تیل کی قیمتیں دگنی کر دی ، نواز شریف نے ایک فیکٹری سے 28 فیکٹریاں بنا لیں اور 6 ارب روپے کے قرضے لیے، اب کی بار شادی کے معاملے میں خاندان کی مرضی ہوگی

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کانجی ٹی وی کو انٹرویو

منگل 12 جولائی 2016 10:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12جولائی۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جولائی میں ماحول بنے گا اور اگست میں سڑکوں پر ہونگے، شٹر ڈاؤن اور دھرنے سمیت ہرسطح پر احتجاج ہو گا ، حکومت نے بجلی اور تیل کی قیمتیں دگنی کر دی ہیں، نواز شریف نے ایک فیکٹری سے 28 فیکٹریاں بنا لیں اور چھ ارب روپے کے قرضے لیے، شادی شدہ زندگی اکیلے رہنے سے بہتر ہے اور اس بار شادی کے معاملے میں خاندان اور بہنوں کی مرضی ہوگی۔

وہ پیر کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تباہی کی وجہ کرپشن ہے جو ملک کو کمزور کر رہی ہے ۔ پاکستان سے منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسہ باہر لے جایا گیا۔ ملک میں انسانوں پر پیسہ لگانے کی ضرورت ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ کرپٹ آدمی کرپشن کیسے ختم کر سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

ن لیگ سمجھ رہی ہے یہاں کسی کو پکڑا نہیں جا سکتا۔ حکومت ٹی او آرز صرف نواز شریف کو بچانے کے لئے بنا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جولائی میں حکومت کے خلاف احتجاج کے لئے ماحول بنے گا اور اگست میں ہم سڑکوں پر ہونگے ۔ شٹر ڈاؤن ، ہڑتال اور دھرنے سمیت ہر سطح پر احتجاج ہو گا اور حکومت مخالف احتجاج کا مرکز لاہور ہو گا۔ حکومت نے بجلی اور تیل کی قیمتیں دگنی کر دی ہیں۔ ملک میں بیس بیس گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔ ہم بہت جلد عوام کے پاس جائینگے ۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نواز شریف نے ایک فیکٹری سے 28 فیکٹریاں لگا لیں اور چھ ارب روپے کے قرضے لیے ۔ پاکستان میں کرپشن میں ابتداء 1985 سے ہوئی ۔ ذاتی زندگی سے متعلق سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ شادی شدہ زندگی بہترین ہوتی ہے اور اب کے بار شادی کے معاملے میں خاندان اور بہنوں کی مرضی چلے گی۔