ملک کے مختلف حصوں میں بارشیں، موسم خوشگوار ہوگیا

سینکڑوں فیڈر ٹرپ ہوجانے سے بیشتر علاقوں میں کئی گھنٹے سے بجلی معطل

پیر 18 جولائی 2016 10:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18جولائی۔2016ء) ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت وسطی پنجاب ، خیبرپختون خوا ، گلگت بلتستان، کشمیر اور شمال مشرقی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواوٴں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ حالیہ بارشوں نے ملک میں جاری شدید گرمی کی لہر کو جہاں کم کیا ہے وہیں بعض مقامات پر انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کی بدولت ابر رحمت باعث زحمت بھی بن گئی ہے۔

واسا حکام کی نااہلی کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا ہے جب کہ سیکڑوں فیڈر ٹرپ ہوجانے سے بیشتر علاقوں میں کئی گھنٹے سے بجلی بھی معطل ہے۔ لاہور میں بارشوں کے باعث پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں اب تک 5 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں سب سے زیادہ بارش جھنگ میں ہوئی جہاں 71 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 63، گوجرانوالہ اور بھکر میں 42، لاہور میں 41، اوکاڑہ 23، لیہ 20، سرگودھا 15، راولپنڈی میں 8 جبکہ ساہیوال میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

خیبرپختون خوا میں سب سے زیادہ بارش ڈیرہ اسماعیل خان میں ہوئی جہاں 41 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ پارہ چنار میں 30، پشار میں 14 ، دیر اور چراٹ میں 12، مالم جبہ میں 10، کوہاٹ ، لوئر دیر اورکالام میں 05 ملی میٹر، سیدو شریف میں 2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ بلوچستان میں سب سے زیادہ بارش بارکھان میں 56 ملی میٹر ، سبی میں 37 ، گلگت بلتستان کے ضلع چلاس میں 2 ملی میٹر جبکہ کشمیر میں گڑھی دوپٹہ میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

آئندہ 24 گھنٹوں میں وفاقی دارالحکومت اسلام کے علاوہ پنجاب کے بالائی اضلاع لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور سرگودھا میں اکثر مقامات پر بارش برسنے کا امکان ہے جبکہ خیبرپختون خوا کے شہروں مالاکنڈ ، ہزارہ ڈویڑن ، مردان ، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ پنجاب کے وسطی اور جنوبی شہروں فیصل آباد، ملتان ، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان جبکہ شمال مشرقی بلوچستان کے اضلاع ڑوب ، سبی اور نصیر آباد میں کہیں کہیں تیز ہواوٴں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اور اس دوران بالائی علاقوں میں چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔

جس کے باعث برساتی ندی نالوں میں طغیانی ، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

متعلقہ عنوان :