21 جولائی کو آزاد کشمیر کے عوام پی ٹی آئی کو جتوا کر اسی طرح تاریخ رقم کریں گے،عمران خان

جب کسی ملک کا سربراہ کرپٹ ہو تو اس کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا، نواز شریف اور انکے کرپٹ ٹولے کو انجام تک پہنچا کر دم لیں گے عوام اپنا مستقبل روشن کرنے کے لئے تحریک انصاف کو ووٹ دیں، پی ٹی آئی حکومت آزاد کشمیر میں نئی تبدیلی لائے گی، مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے، باغ میں پی ٹی آئی کشمیر کے زیر اہتمام جلسہ عام سے خطاب

منگل 19 جولائی 2016 10:30

باغ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19جولائی۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 21 جولائی کو آزاد کشمیر کے عوام پی ٹی آئی کو جتوا کر اسی طرح تاریخ رقم کریں گے جس طرح لارڈز میں گذشتہ روز پاکستان ٹیم نے انگلستان کو ہرا کر ایک نئی تاریخ رقم کی۔عوام اپنا مستقبل روشن کرنے کے لئے تحریک انصاف کو ووٹ دیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت آزاد کشمیر میں ایک نئی تبدیلی لائے گی ۔

ہم مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔جب کسی ملک کا سربراہ کرپٹ ہو تو اس ملک کا پھر کوئی مستقبل نہیں ہوتا۔ہم نواز شریف اور انکے کرپٹ ٹولے کو انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کشمیر اور مسلم کانفرنس ملکر حکومت بنائیں گے اور آزاد کشمیر کی ترقی و خوشحالی کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔

(جاری ہے)

آج باغ کے عوام نے پی ٹیہ آئی کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے آئندہ حکومت بنائے گی۔ مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مسلم کانفرنس اور پی ٹی آئی کا اتحاد آزاد کشمیر کی تاریخ میں ایک سنگ میل ثابت ہو گااور ہم ملکر عوام کو انکے حقوق دلوائیں گے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے آواز اٹھائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں باغ میں پی ٹی آئی کشمیر کے زیر اہتمام ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جلسہ عام سے پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین،پی ٹی آئی کشمیر کے امیدوار اسمبلی راجہ خورشید، راجہ وقاص اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔عمران خان نے کہا کہ ملک سے کرپشن ختم ہو گی تو ملک ترقی کی طرف گامزن ہو گا۔ آزاد کشمیر میں بھی کرپشن کا بازار گرم رہاہے۔ کرپشن تب ختم ہو گی جب احتساب وزیر اعظم سے شروع ہو گا۔

پی ٹی آئی اقتدار میں آکر غیر جانبدار نیب اور الیکشن کمیشن کا قیام عمل میں لائے گی۔انھوں نے کہا کہ حقیقی تبدیلی کا یہی وقت ہے عوام آزاد کشمیر میں تبدیلی کے لئے پی ٹی آئی کا ساتھ دیں۔جہانگیر خان ترین نے کہا کہ 21 جولائی کا سورج آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہو گا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آج سب دیکھ لیں کہ باغ کے عوام نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔