سینٹ نے عبدالستار ایدھی کو انسانیت کا مسیحا ،نوبل پرائز کا اصل حقدار قرار دیدیا،قرارداد منظور

ہر سینیٹر اپنی تنخواہ سے 20 ہزار روپے دیگا اس رقم سے 4 ایمبولینس خرید کر چاروں صوبوں کے ایدھی سنٹرز کے حوالے کی جائیں گی ایدھی نے عوام کو روٹی حکومت نے گولی دی ، مذہب، رنگ و نسل کی تفریق کے بغیر عوام کی خدمت کی،سینٹ اجلاس میں سینیٹرز کا اظہار خیال چیئرمین نے عبدالستار ایدھی کو نوبل امن انعام دلانے کیلئے وسیم سجاد، نیئر بخاری، فاروق نائیک، ظفر الحق،اعتزاز احسن پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیدی

منگل 19 جولائی 2016 10:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19جولائی۔2016ء) سینٹ نے عبدالستار ایدھی کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اسے انسانیت کا مسیحا اور نوبل پرائز کا اصل حقدار قرار دے دیا سینٹ کی جانب سے چار ایمبولینس خرید کر چاروں صوبوں میں ایدھی سنٹر کے حوالے کی جائیں گی ۔ اراکین نے متفقہ طور پر عبدالستار ایدھی کی خدمات کے حوالے سے قرار داد منظور کر لی سوموار کے روز ایوان بالا کے اجلاس میں چیئرمین سینٹ نے کہا کہ سینیٹ ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہر سینیٹر اپنی تنخواہ سے 20 ہزار روپے فراہم کرے گا اس رقم سے چار ایمبولینس خرید کر چاروں صوبوں کے ایدھی سنٹرز کے حوالے کی جائیں گی اس موقع پر عبدالستار ایدھی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفر الحق ، سینیٹر مشاہد حسین سید ، سینیٹر الیاس بلور ، نہال ہاشمی ، سینیٹر طاہر حسین مشہدی ، سینیٹر خوشبخت شجاعت ، سینیٹر خالدہ پرویز ، سینیٹر حاصل بزنجو ، سینیٹر عثمان کاکڑ ، سینیٹر بیرسٹر سیف ، سینیٹر محسن لغاری ، سینیٹر فاروق ایچ نائیک ، سینیٹر مشاہد اللہ خان نے عبدالستار ایدھی کی خدمات رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی ایدھی غریب عوام سے چندہ لے کر غریب عوام پرخرچ کرتے تھے انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کے حوالے سے ایدھی کی خدمات مثالی تھی ۔

(جاری ہے)

ایدھی بغیر کسی علاقائیت ، مذہبی ، فرقہ واریت اور لسانیت سے مبرا ہو کر عوام کی خدمت کرتے تھے انہوں نے کہا کہ ایدھی نے خدمت کو ذریعہ تجارت نہیں بنایا اور نہ ہی ان پیسوں سے محلات بنائے بلکہ غریب عوام پر خرچ کیا ہے انہوں نے کہا کہ ایدھی کی خدمات قابل تحسین ہے ان کے ادارے کو کبھی بھی حکومتی سرپرستی میں نہ دیا جائے کیونکہ ایدھی نے عوام کو روٹی دی ۔

مگر حکومت نے گولی دی ہے انہوں نے کہا کہ ایدھی نے مذہبی رنگ و نسل کی تفریق کئے بغیر عوام کی خدمت کی ہے انہوں نے کہا کہ کراچی میں گرنے والی لاشیں ایدھی اٹھاتے رہے اور ہم لاشیں گراتے رہے ایدھی انسانیت کے مسیحا تھے ایدھی نے نہ صرف بے سہارا بچوں کو سہارا دیا بلکہ بے سہارا بوڑھے والدین کو بھی سنبھالتا رہا انہوں نے کہا کہ ایدھی کو بہت زیادہ تکلیفیں دی گئیں ان کی گاڑیاں جلائی گئیں ان پر مختلف قسم کے جھوٹے الزامات عائد کئے گئے اس کو لوٹا گیا اور طرح طرح کی تکلیفیں پہنچائی گئیں انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کی خدمات کو نصاب میں شامل کیا جائے تاکہ نئی نسل ان کے کارناموں سے آگاہ وہ سکے ۔

انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے انسایت کی جنتی خدمت کی ہے اس کی مثال دنیا میں مشکل سے ملے گی اراکین سینٹ نے کہا کہ دنیا میں جہاں بھی ایدھی کا نام آتا ہے تو ہمارے سر فخر سے بلند ہو جاتے ہیں ان کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے مشن کو جاری رکھنے کے لئے اقدامات کرنا چاہئے مقررین نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارا معاشرہ ایک ظالم معاشرہ بن چکا ہے غریب عوام کی خدمت کرنے والے شخص پر قسم قسم کے الزامات عائد کئے گئے انہوں نے کہا کہ ہم ایک مردہ قوم بن چکے ہیں ۔

اور آج ان کی وفات کے بعد ان کی خدمات کو یاد رکھنے کے لئے مختلف مطالبات کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ایدھی کو ہمارے ان مطالبات کا کوئی فائدہ نہیں ہے ہمیں ایدھی کی خدمات کو زندہ رکھنے کے اقدامات کرنے ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے رہنماؤں کا کردار سب کے سامنے ہے ۔ اگر ہم نے ایدھی کی خدمات کو آگے نہ بڑھایا تو آج کی تمام باتیں محض باتیں ثابت ہوں گی۔

اراکین سینٹ نے کہا کہ ایدھی نے اپنی خدمت کے ذریعے بڑے بڑے بتوں کو توڑا ہے پوری دنیا میں ایدھی کو جو عزت ملی ہے وہ بڑے بڑے دولتمندوں کو بھی نہیں ملی ہے انہوں نے کہا کہ ایدھی نے نہ صرف زندگی میں عوام کی خدمت کی بلکہ جاتے جاتے اپنے اعضاء کا بھی عطیہ کر کے انسانیت کی خدمت کی ہے اراکین نے کہا کہ ایدھی انسانیت اور محبت کی مثال تھے انہوں نے کہاکہ ایدھی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے اس کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اس موقع پر چیئرمین سینٹ نے عبدالستار ایدھیکو نوبل امن انعام دینے کے لئے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی کمیٹی میں سابق چیئرمین سینٹ وسیم سجاد ، سابق چیئرمین نیئر حسین بخاری ، سابق چیئرمین فاروق ایچ نائیک ، قائد ایوان راجہ ظفر الحق اور اپوزیشن لیڈر اعتزاز احسن پر مشتمل خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔