کرپشن کے خلاف بل پر حکومت نے ساتھ دیا تو حکومت مخالف چلنے والی تحریکیں شائد رک جائیں،

ملک میں کرپشن نے کینسر کا روپ دھار لیا ہے ،حکمرانوں میں کرپشن بڑھ رہی ہے ، دبئی میں پیپلز پارٹی کی میٹنگ ہوتی رہتی ہیں یہ پہلی مرتبہ نہیں ہو رہی جو میڈیا اتنا زیادہ چرچا کر رہا ہے ،قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 24 جولائی 2016 11:00

سکھر( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24جولائی۔2016ء ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف بل پر حکومت نے ساتھ دیا تو حکومت مخالف چلنے والی تحریکیں شائد رک جائیں، ملک میں کرپشن نے کینسر کا روپ دھار لیا ہے اور حکمرانوں میں کرپشن بڑھ رہی ہے ، دبئی میں پیپلز پارٹی کی میٹنگ ہوتی رہتی ہیں یہ پہلی مرتبہ نہیں ہو رہی جو میڈیا اتنا زیادہ چرچا کر رہا ہے۔

وہ ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے خلاف بل پارلیمنٹ میں لائیں گے۔ کرپشن کے خاتمے کے لئے حکومت کو بھی بل کی حمایت کرنی چاہیے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھا رہی ہے۔ نواز شریف کو اس پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ رینجرز کے پاس کوئی اختیارات نہیں ہے۔

(جاری ہے)

خورشید شاہ نے کہا کہ آزاد کشمیر الیکشن میں وفاقی حکومت نے مداخلت کی اور انتخاب میں خوف و ہراس بھی تھا۔ آزاد کشمیر انتخابات میں ہار جیت کسی پارٹی کے لئے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ وفاقی حکومت کا آزاد کشمیر الیکشن میں بڑا دباوٴ تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 17 ووٹ لینے والے اپوزیشن نے بھی آزاد کشمیر میں حکومت بنائی۔1990 سے یہ رجحان ہے کہ اسلام آباد میں جس کی حکومت ہو آزاد کشمیر میں اسے برتری ہوتی ہے۔

وفاقی حکومت کے دباوٴ کے باوجود آزاد کشمیرانتخاب میں پیپلز پارٹی کو بڑی تعداد میں ووٹ ملے۔ آزاد کشمیر الیکشن کے نتائج کو چیلنج یا تسلیم کرنے سے متعلق پارٹی فیصلہ کرے گی۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ جب بھی دبئی میں میٹنگ ہوتی ہے تو میڈیا اس کا زیادہ چرچا کرتا ہے حالانکہ دبئی میں ہمارے اجلاس ہونا کوئی نئی بات نہیں پہلے بھی وہاں اجلاس ہوتے رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا دبئی میں اپنا بزنس ہے اور وہ دورے کرتے رہتے ہیں۔ ایسا نہیں ہو سکتا کہ آصف زرداری اور اسحاق ڈار کے درمیان دبئی میں میٹنگ ہو اور میرے علم میں نہ ہو۔ خورشید شاہ نے کہا کہ پانامہ لیکس پر اپوزیشن نے کرپشن کے خلاف پارلیمنٹ میں بل لانے کا فیصلہ کیا ہے امید ہے حکومت نے ساتھ دیا تو اس سے کرپشن کے خلاف جو تحریکیں چل رہی ہیں وہ رک جائیں گی۔ اپوزیشن کا بل منظور نہ ہوا تو پیپلز پارٹی اپوزیشن کے ساتھ مل کر راستہ نکالے گی۔