کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ انڈیا نہیں کشمیری کریں گے، سرتاج عزیز

پیر 25 جولائی 2016 10:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25جولائی۔2016ء) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ بھارت کی وزیرِ خارجہ نہیں بلکہ صرف کشمیر کے عوام کر سکتے ہیں اور یہ اختیار کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد میں دیا گیا ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے سرتاج کے بیان میں بھارت کو مخاطب کر کے کہا گیا ہے ’ وقت آگیا ہے کہ انڈیا جموں اور کشمیر کے عوام کو اقوامِ متحدہ کی نگرانی میں کرائے جانے والی رائے شماری میں حقِ خود ارادیت کو موقع فراہم کرے، جب عوام کی اکثریت انڈیا یا پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کر ے گی تو دنیا کشمیری عوام کا فیصلہ تسلیم کرے گی۔

‘ سرتاج عزیز نے یہ بیان انڈیا کی وزیرِ خارجہ خارجہ سشما سوراج کے اس بیان کے جواب میں دیا ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ پاکستان کا یہ خواب قیامت تک پورا ہونے والا نہیں کہ کشمیر اس کا حصہ بن جائیگا۔

(جاری ہے)

سشما سوراج نے پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے نے برہان وانی کو ’شہید‘ قرار دینے پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ برہان وانی ایک مطلوب دہشت گرد تھا۔

سرتاج عزیر کا مزید کہنا ہے کہ ’انڈیا یہ بات نظر انداز نہیں کرسکتا کہ برہان مظفر وانی کے جنازے میں لاکھوں کشمیریوں نے حصہ لیا ہے‘ مشیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ ’ہمیں نہیں بھولنا چاہیے کہ ایک وقت میں برطانیہ انڈیا کو اپنا حصہ کہتا تھا اور انڈیا کی آزادی کا مطالبہ کرنے والوں کو دہشت گرد قرار دیتا تھا‘۔

متعلقہ عنوان :