کسی ملک کو پاک،ایران تعلقات کو نقصان پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے ٗ شمخانی

علاقائی بدامنی اور بین الاقوامی سطح پر بڑھتی ہوئی دہشتگردی دونوں ممالک کے لئے مشترکہ خطرہ ہے ٗناصر جنجوعہ سے گفتگو پاکستان ایران کے ساتھ سیکورٹی اور اقتصادی تعاون کو مزید بڑھانے کا خواہاں ہےٗ مشیر وزیر اعظم خارجی عناصر عالم اسلام کے درمیان سازشیں کر کے مسلمانوں کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں ٗ ملاقات میں گفتگو

منگل 26 جولائی 2016 10:44

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26جولائی۔2016ء) اعلی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ ایڈمرل علی شمخانی واضح کیا ہے کہ ہم ہرگز اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ کوئی بھی ملک اسلحہ کی فراہمی اور دہشتگردوں کو کرایے پر استعمال کرتے ہوئے ایران اور پاکستان کے تعلقات کو نقصان پہنچائے ۔ان خیالات کا اظہار سپریم لیڈر کے نمائندے اور اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری ایڈمرل علی شمخانی نے پیر کے روز ایران کے دورے پر آئے ہوئے پاکستان کے مشیر قومی سلامتی جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ کے ساتھ ایک ملاقات میں کیاپاکستانی وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ایران کے تین روزہ دورے پر تہران پہنچے علی شمخانی نے اپنے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں اس بات پر زور دیا کہ ہم ہرگز اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ کوئی بھی ملک اسلحہ کی فراہمی اور دہشتگردوں کو کرایے پر استعمال کرتے ہوئے ایران اور پاکستان کے تعلقات کو نقصان پہنچائے یا ہماری مشترکہ سرحدوں پر بدامنی پھیلائے اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے درمیان تاریخی روابط اور دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے ایڈمرل شمخانی نے دونوں ملکوں کے درمیان کثیرجہتی تعلقات کی وسعت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ علاقائی بدامنی اور بین الاقوامی سطح پر بڑھتی ہوئی دہشتگردی دونوں ممالک کے لئے مشترکہ خطرہ ہے اس لئے ایران اور پاکستان کو چاہئے کہ باہمی تعاون کی فضا کو مزید وسعت دیں۔علی شمخانی نے کہا کہ ایران اور پاکستان کی اعلی قیادت نے ہمیشہ باہمی تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور مزید برآں دونوں ممالک عالم اسلام کے مسائل کے حل کے لئے بھی اپنے مشترکہ تعاون کو بڑھانے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے خلیج فارس اور بحیرہ عمان میں ایران اور پاکستان کی بندرگاہوں کے روشن مواقع اور پوزیشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کی بندرگاہیں ایک دوسرے کے لئے مفید ثابت ہوں گی جس سے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو بڑھانے میں مدد ملے گی ٗعلی شمخانی نے کہا کہ بدقسمتی سے ایک اسلامی ملک اسلام دشمنوں کی خواہش پر اپنے پیسے اور اپنی صلاحیت جنگ اور خطے میں دہشتگردی کے پھیلاؤ کیلئے استعمال کر رہا ہے اور مقبوضہ فلسطین اور غزہ کی پٹی پر مظلوم فلسطینی عوام کی مصائب پر آنکھیں بند کرکے ناجائز صہیونی ریاست سے خفیہ تعلقات قائم کر رہا ہے اس موقع پر پاکستانی مشیر قومی سلامتی نے خارجی سازشوں کے مقابلے میں اسلامی ممالک کو ہوشیار رہنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ سیکورٹی اور اقتصادی تعاون کو مزید بڑھانے کا خواہاں ہے ٗجنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے کہا کہ خارجی عناصر عالم اسلام کے درمیان سازشیں کر کے مسلمانوں کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں.۔

ایرانی میڈیا کے مطابق انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جوہری معاہدے کے نفاذ اور ایران پر سے عالمی پابندیوں کے خاتمے کے پس منظر میں پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات بڑھانے کی راہ ہموارہ ہوگئی ہے

متعلقہ عنوان :