نیب میں دائر کردہ ریفرنس کا اصل مقصد پانامہ لیکس کے معاملے پر توجہ مبذول کرانا ،نعیم ا لحق

نیب کرپشن کے فروغ کے لئے (ن)لیگ کی باندھی بن چکا ہے ،نیب پر عوامی دباؤ کا سلسلہ جاری رکھیں گے اس ریفرنس اور ریلی کی وجہ سے نیب کو اپنی ذمہ داری کا احساس نہ ہوا تو دوسرے مرحلہ میں چیئرمین نیب کے استعفی کا مطالبہ کیا جائے گا ،ترجمان پی ٹی آئی کا نیب ہیڈکوارٹر کی جانب مارچ کے دوران خطاب

منگل 26 جولائی 2016 10:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26جولائی۔2016ء) نیب میں دائر کردہ ریفرنس کا اصل مقصد پانامہ لیکس کے معاملے پر توجہ مبذول کرانا ہے ۔نیب کرپشن کے فروغ کے لئے (ن)لیگ کی باندھی بن چکا ہے ۔نیب پر عوامی دباؤ کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔ اگر اس ریفرنس اور ریلی کی وجہ سے نیب کو اپنی ذمہ داری کا احساس نہ ہوا تو دوسرے مرحلہ میں چیئرمین نیب کے استعفی کا مطالبہ کیا جائے گا ۔

ا ن خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے نیب ہیڈکوارٹر کی جانب مارچ کے دوران کیا ۔ ریلی کی قیادت نعیم الحق نے کی جبکہ ابرار الحق ، سیف اللہ نیازی ، نفیسہ خٹک ، فیاض الحسن چوہان و دیگر قائدین بھی شامل تھے خصوصی گفتگو کے دوران نعیم الحق نے کہا کہ ہمارے احتجاج کا مقصد نیب کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلانا ہے سیاسی نیب کو (ن) لیگ کے دباؤ کی نہیں بلکہ عوامی دباؤ کی فکر کر کے آزادانہ تحقیقات کا آغاز کرنا چاہئے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کی تاریخ میں قومی احتساب کے خلاف یہ پہلا عوامی مظاہرہ ہے اور جب تک نیب کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس نہیں ہو گا عوامی دباؤ کا یہ سلسلہ دن بدن بڑھاتے جائیں گے چیئرمین نیب کو سیاست زدہ ہونے کے بعد خود ہی مستعفی ہو جانا چاہئے اگر نیب چیئرمین نے اپنی آنکھوں (ن) لیگ کرپشن پر نہ کھولیں تو اگلے مرحلے میں احتجاجی تحریک میں نیب حکام سے استعفوں کا مطالبہ کریں گے ۔

مزید بات کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کشمیر الیکشن کے نتائج کی خوشی میں نہ رہے آزاد کشمیر کو دھاندلی زدہ الیکشن میں فتح کرنے کی بجائے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم بند کروانے کے لئے مودی سے اعلی سطح پر رابطے کرنے چاہئیں مگر نواز شریف مودی کی دوستی میں مگن ہیں اور تحائف کے تبادلے کئے جا رہے ہیں مسلم لیگ(ن) کی حکومت کرپشن اور پانامہ لیکس سے کسی صورت نہیں بچ سکتی عوامی آگاہی تحریکوں سے حکومت اور نیب پر پانامہ لیکس ، کرپشن کیسز کی آزاد ، شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کے لئے دباؤ بڑھاتے رہیں گے انہوں نے کہا کہ نیب کے سابق چیئرمین نے بتایا کہ پاکستان میں روزانہ 12 ارب روپے کی کرپشن ہوتی ہے مگر نیب کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی احتساب کا ادارہ کرپشن کو روکنے کے لئے ہوتا ہے مگر ہماری بدقسمتی ہے کہ ہماری نیب کرپشن کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے پاکستان تحریک انصاف کرپشن کے فروغ کی روک تھام کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی ۔