کراچی،سکیورٹی ادارے کی گاڑی پرنامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ، 2اہلکار شہید

علاقے کے داخلی اور خارجی راستے بند، ملزمان کی تلاش شروع شہید پاک فوج کے 2جوانوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی،جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ تفتیشی اداروں نے بھی موقع سے شاہد اکٹھا کیے، واقعہ کے بعد 3عینی شاہدین کو تحویل میں لے لیا گیا

بدھ 27 جولائی 2016 10:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جولائی۔2016ء) کراچی کے علاقے صدر پارکنگ پلازہ کے قریب سیکیورٹی ادارے کی گاڑی پرنامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 2اہلکار شہید ہوگئے ہیں ،واقعہ کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے اور موقع پر پہنچ گئے تھے اور علاقے کے داخلی اور خارجی راستے بند کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی تھی ،دوسری جانب تفتیشی اداروں نے بھی موقع سے شاہد اکٹھا کیے، واقعہ کے بعد 3عینی شاہدین کو تحویل میں لے لیا گیا ہے ، چھوٹے ہتھیاروں سے اہلکاروں کے سر ،چہرے اور سینے کو نشانہ بنایا گیا ، 8ماہ کے دوران پاک فوج کی گاڑی پر یہ دوسرا حملہ تھا ۔

تفصیلات کے مطابق صدر کے علاقے پریڈی اسٹریٹ پر واقع کے ایم سی کے پارکنگ پلازہ کے قریب منگل کی سہہ پہر د وموٹر سائیکلوں پر سوار 4ملزمان نے حساس ادارے کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گاڑی بے قابو ہو کر دیوار سے ٹکراگئی اور گولیاں لگنے کے نتیجے میں دو اہلکار شدید زخمی ہوئے جنہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا ،جہاں ایک اہلکار عبدالرزاق نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کرلیا ۔

(جاری ہے)

جناح اسپتال کی ڈائریکٹر سیمی جمالی کے مطابق فائرنگ کے واقعہ میں دو زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا جو دو ران علاج شہید ہوگئے ہیں جن کی شناخت لانس لائیک عبدالرزاق اور سپاہی خادم حسین کے نام سے ہوئی ہے ۔جناح اسپتال کے شعبہ حادثات کے انچارج ڈاکٹر انیس بھٹی کے مطابق دونوں اہلکاروں کے سر ، چہرے اور سینے کو ہدف بناکر ملزمان نے فائرنگ کی ۔

فائرنگ کے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس ، رینجرز، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے علاقے کے داخلی اور خارجی راستے بند کردیئے تھے اور ملزمان کی تلاش شروع کردی تھی ۔دوسری جانب تفتیشی اداروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر شاہد اکٹھے کیے ۔پولیس حکام کے مطابق پریڈی اسٹریٹ کو عام ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے جبکہ ٹریفک کو دوسری طرف موڑ کر علاقہ کو بند کردیا گیا ہے۔

واقعہ کے شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں۔ جائے وقوع پر موجود سی سی ٹی وی کیمروں سے فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہے۔ایڈیشنل آئی جی کراچی نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور میڈیا کو بتایا کہ واقعہ میں چھوٹے ہتھیار استعمال ہوئے ہیں، تفتیشی حکام نے جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کے دو خول تحویل میں لے لیے ہیں جنہیں ٹیسٹ کے لیے فارنزک لیب روانہ کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اب تک پولیس کے پاس کوئی عینی شاہد نہیں آیا ہے، فائرنگ کے وقت گاڑی میں دو ہی اہلکار موجود تھے جو شہید ہوگئے ہیں ۔تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے 3عینی شاہدین کو حراست میں لے لیا ہے ۔ڈی آئی جی ساوٴتھ منیراحمدشیخ نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی پر فائرنگ موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے کی ہے ۔ انچارج سی ٹی ڈی راجا عمر خطاب کے مطابق اہلکاروں پر نائن ایم ایم پستول سے فائرنگ کی گئی ہے ،ملزمان نے گاڑی کے عقب سے اہلکاروں کو نشانہ بنایا جس کی وجہ سے گاڑی بے قابو ہو کر دیوار سے ٹکراگئی ۔

یاد رہے کہ 8ماہ کے دوران صدر ہی کے علاقے میں یہ پاک فوج کی گاڑی پر دوسرا حملہ ہے اس سے قبل یکم دسمبر 2015کو گل پلازہ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پاک فوج کی گاڑی پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں بھی دو اہلکار شہید ہوگئے تھے ۔پاک فوج کے شعبہ ابلاغ عامہ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ کراچی میں معمول کی گشت کے دوران فائرنگ کے واقعے میں دو سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آڑ کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اہلکار معمول کی ڈیوٹی کے دوران فائرنگ کا نشانہ بنے شہید اہلکاروں میں لانس نائیک عبدالرزاق اور سپاہی خادم حسین شامل ہیں فائرنگ کا واقعہ کراچی کے علاقے صدر میں پارکنگ پلازہ کے قریب پیش آیا۔ کراچی کے علاقے صدر میں پارکنگ پلازہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پاک فوج کے 2جوانوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں صوبائی وزیر داخلہ، کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی،نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہدا کے جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کردیئے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو کراچی کے علاقے صدر میں پارکنگ پلازہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پاک فوج کے 2جوانوں کی نماز جنازہ اولڈ ریس کورس گراؤنڈ کینٹ میں ادا کی گئی ، نماز جنازہ میں صوبائی وزیر داخلہ ،کور کمانڈر کراچی ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ نے شرکت کی۔ شہداء کی نماز جنازہ میں تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔

اس موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتطامات کیے گئے تھے ۔نمازہ جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہدا کے جسد خاکی آبائی علاقوں کی جانب روانہ کر دیئے گئے ۔ واضح رہے کہ صدر میں پارکنگ پلازہ کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی پاک فوج کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 2جوان لانس نائیک عبد الرزاق اور حوالدار خادم حسین شہید ہوگئے تھے ۔