پارلیمانی کمیٹی آزاد کشمیر کا اجلاس :راجہ فاروق حیدر وزیر اعظم آزاد کشمیر نامزد

نواز شریف سے نو منتخب ممبران کی ملاقات ،کامیاب الیکشن مہم اور کامیابی پر مبارکباد دی کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کرونگا،خطہ کی ترقی کیلئے تمام وسائل فراہم کرینگے،نواز شریف ہمارے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں،ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے ،نئی حکومت اداروں کی مظبوطی ،شفاف اور کرپشن سے پاک اور میرٹ پر مبنی نظام حکمرانی یقینی بنائے ، ایماندار اور قابل کابینہ تشکیل دی جائے تا کہ تاریخ میں ہماری حکومت کا دور”ترقیاتی دور“کی حیثیت سے یاد رکھا جائے،وزیر اعظم آزاد خطہ کی ترقی کیلئے ترقیاتی کاموں کا نیا جال بچھائیں گے ،اسلام آباد سے مظفر آباد تک موٹروے ،ریلوے ٹرین اور سیاحوں کیلئے جدید ٹرانسپورٹ چلائیں گے ،خطہ کی خوبصورتی کیلئے الگ سے فنڈز مہیا کریں گے ، نو منتخب ممبران سے گفتگو

جمعرات 28 جولائی 2016 10:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27جولائی۔2016ء)وزیر اعظم نواز شریف نے آزاد کشمیر کے نو منتخب ایم ایل اے راجہ فاروق حیدر کو وزیر اعظم آزاد کشمیر نامزد کر دیا ہے،راجہ فاروق کی نامزدگی کا فیصلہ وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔وزیر اعظم نواز شریف نے جموں و کشمیر کے نو منتخب ارکان اسمبلی سے وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ملاقات میں تمام کامیاب کشمیری پارلیمنٹرینز زسینیٹ میں لیڈر آ ف ہاؤس راجہ محمد ظفر الحق ، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ،وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار ،وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان،وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید ،وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق،وزیر برائے امور کشمیر چوہدری محمد برجیس طاہر اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرما نی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نواز شریف نے تمام نو منتخب اراکین کو آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات میں نمایاں کامیابی پردلی مبارکباد دی اور انتخابات میں ان کی محنت اور سیاسی جستجو کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ جس کامیابی سے انہوں نے انتخابی مہم چلائی وہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کی خوش قسمتی ہے کہ وہ کشمیر کی آزاد فضاؤں میں زندگی بسر کرتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کروں گا ،نو منتخب ممبران کو آزاد خطہ کیلئے دن رات ایک کرنا ہوگی ،مسلم لیگ(ن) کی حکومت آزاد خطہ میں جڑیں مضبوط کر چکی ہے ،ہم نے صرف اور صرف عوام کے مسائل حل کرنے ہیں جن نو منتخب ممبران نے الیکشن میں عوام سے وعدے کئے ہیں ان کو ہر صورت پورا کرنا ہوگا تا کہ عوام جس مقصد کے لئے ہم پر اعتماد کیا ہے ان کے اعتماد پر پورا اتر سکیں ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے دل مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ دھٹرکتے ہیں اور ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے اور پاکستان اخلاقی اور سفارتی سطح پر ہمیشہ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے حق خودارادیت کی تائید و حمایت کرتا رہے گا۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ کشمیریوں کا حق خودارادیت اقوام متحدہ کی قرار داد کے مطابق ان کا بنیادی حق ہے اور پاکستان اپنے بھائیوں کے اس حق کو بین الاقوامی سطح کے ہر فورم پر اٹھائے گا۔

وزیر اعظم نے موجود اراکین سے کہا کہ ان کو بھی دن رات اس کاوش مین رہنا چاہیے کہ وہ اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی ہر لحاظ سے حمایت اور مدد کر سکیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ آزاد خطہ کی ترقی کیلئے ترقیاتی کاموں کا نیا جال بچھائیں گے ،اسلام آباد سے مظفر آباد تک موٹروے ،ریلوے ٹرین اور سیاحوں کیلئے جدید ٹرانسپورٹ چلائیں گے ،خطہ کی خوبصورتی کیلئے الگ سے فنڈز مہیا کریں گے ،وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیر کی نئی حکومت کو اداروں کی مظبوطی ،شفاف اور کرپشن سے پاک اور میرٹ پر مبنی نظام حکمرانی یقینی بنایا چاہیے اور اس لیے ایک ایماندار اور قابل کابینہ تشکیل دینا ضروری ہے تا کہ کشمیر کی تاریخ میں ہماری اس حکومت کا دور”ترقیاتی دور“کی حیثیت سے یاد رکھا جائے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارا مینڈیٹ درحقیقت ترقی کا مینڈیٹ ہے اور اس خاطر ہم نئی حکومت کی بھرپور مدد کریں گے۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ نئی حکومت کی اولین ترجیح انفراسٹرکچر ،تعلیم،صحت اور روزگار کے مواقع پیداکرنا ہو گا۔وزیر اعظم نے اراکین سے کہا کہ کشمیری عوام کو آپ کی طرز حکومت میں ایک مثبت تبدیلی نمایاں طور پر نظر آنی چاہیے۔۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں میں جو معیار رکھا ہے اسے آزاد کشمیر بھی برقراررکھاجائے گا۔

آزاد کشمیر میں تعلیم،صحت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے اسی تیزی اور توانائی سے کام کیا جائے گا جس چیزی سے پاکستان میں کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں آزاد کشمیر میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا گیا،ہماری حکومت کشمیر میں سڑکوں کا جال بچھائے گی تا کہ آمدورفت آسان ہو۔اس موقع پر نو منتخب اراکین نے کہا کہ کشمیر کی عوام ان کی اپنا حقیقی لیڈر مانتے ہیں اور درحقیقت عام انتخابات میں شاندار کامیابی وزیر اعظم کے ترقی یافتہ ایجنڈے کی تائید کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے ہم سب اس پر پورا اتریں گے اور بلاامتیاز کشمیری بھائیوں کی فلاح و بہبود کے لے دن رات واقف کردیں گے۔اجلاس کے بعد نامزد وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں احتساب ضرور ہوگا انتقام نہیں ،جس نے بھی سسٹم میں خرابی کی ہے اس کو جواب دینا ہوگا،انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کا خطہ بھی آزاد خطہ ہو گا،انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے ،نواز شریف نے مجھے مکمل اختیار دیا ہے آنے والا وقت بتائے گا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کتنا بااختیار ہوگا،ہمیں نواز شریف کی قیادت پر پورا اعتماد ہے،آزاد کشمیر میں احتساب بلا امتیاز ہوگا ،کرپشن کا مکمل خاتمہ کر کے ہی دم لیں گے۔