وزیراعظم نواز شریف نے اوگرا کی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کردی

ماہ اگست کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا اعلان

اتوار 31 جولائی 2016 11:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31جولائی۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے اوگرا کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز کو مسترد کردیا ہے جس کیلئے حکومت کو دو ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا لیکن وزیراعظم نے صارفین پر بوجھ نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ہفتہ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ماہ اگست میں اضافہ کی سمری کو مسترد کردیا ہے۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی حالیہ قیمتیں 31اگست 2016ء تک برقرار رہیں گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پٹرولیم کی قیمتوں پر 2ارب روپے کی سبسڈی برداشت کریگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اب بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں دیگر ممالک سے کم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اوگرا نے ماہ اگست کیلئے پٹرول کی قیمتمیں 2.12روپے ،ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 26پیسے فی لیٹر،مٹی کے تیل کی قیمت میں 3.94روپے فی لیٹر اور ایچ او بی سی کی قیمت میں 60پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی تھی جسے مسترد کر دیا گیا ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں پٹرول 64.27روپے فی لٹر،ہائی سپیڈ ڈیزل 72.52روپے لٹر،مٹی کا تیل 43.25روپے فی لٹر‘ لائٹ سپیڈ ڈیزل73.35روپے فی لٹر اورایچ او بی سی 72.68روپے لٹر ہے جو ماہ اگست میں بھی برقرار رہیں گی ۔واضح رہے کہ مارچ 2013میں پٹرول کی قیمت 106.60روپے لٹر تھے جواس وقت 64.27روپے فی لیٹر ہے۔اس طرح مارچ 2013میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 113.56روپے تھی جو اب 72.52روپے فی لیٹر ہے۔ پٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی اور پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کی شرح بھی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو بالترتیب ہائی سپیڈ ڈیزل پر 15.86 اور 7.80 روپے‘ مٹی کے تیل پر 2.06 اور 3.09روپے‘ ایچ او بی سی پر 10.56 اور 13.49 روپے‘ لائٹ سپیڈ ڈیزل پر 3.40 اور 2.86روپے ہے۔