چترال میں افغان طالبان کے دوسرے روز بھی حملے، 5 چرواہے جاں بحق

افغان طالبان نے سرحد پار سے آکر وادی بریر اور استوری میں کارروائیاں کیں، چترال پولیس افغان طالبان نے مقامی چرواہوں کو یرغمال بنایا اور700 سے زائد بھیڑ بکریاں لوٹ کر فرار ہوگئے

اتوار 31 جولائی 2016 11:32

چترال( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31جولائی۔2016ء ) سرحد پار سے آنے والے افغان طالبان مختلف علاقوں میں 5 مقامی چرواہوں کو ہلاک کرنے کے بعد سیکڑوں مویشی اٹھا کر اپنے ساتھ لے گئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چترال کے علاقے کالاش کی وادی بریر میں افغان طالبان نے مقامی چرواہوں پر مسلسل دوسرے روز حملہ کرکے 3 چرواہوں کو ہلاک کرکے 7 سو سے زائد جانور لوٹ لئے۔

(جاری ہے)

مقامی پولیس کے مطابق افغان طالبان نے مقامی چرواہوں کو یرغمال بنایا اور مزاحمت پر 3 چرواہوں کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا جبکہ 700 سے زائد بھیٹر اور بکریاں لے کر فرارہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق 2 درجن سے زائد دہشت گرد اپنے ساتھ گاڑیاں بھی لائے تھے جن پر جانوروں کو لاد کر فائرنگ کرتے ہوئے بھاگ نکلے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے پہلے آج صبح ہی سرحد پار سے دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے وادی کیلاش کے علاقے استوری میں 2 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔واضح رہے کہ گرشتہ روز بھی افغان طالبان نے چترال کے علاقے بمبوریت گرمانی میں داخل ہو کرحملہ کیا تھا اور 3 چرواہوں کو قتل کر کے 3 سو بکریوں کا ریوڑ ساتھ لے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :