نوازشریف نے پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا پانامہ لیکس معاملہ پر سپریم کورٹ بھی جاسکتے ہیں،عمران خان

7اگست سے شروع ہونے والی تحریک نہیں رکے گی،پہلی ریلی پشاور سے اٹک اور پھر اسلام آباد جائے گی نیب اور الیکشن کمیشن سمیت تمام اداروں کو ٹیسٹ کر رہے ہیں،حکمرانوں کی کرپشن سامنے لائیں گے حکومت کشمیر کے مسئلہ کوعالمی فورم پر اٹھائے ،وزیراعظم نوازشریف نے بھارت میں اپنے بزنس کے مفاد میں آواز نہیں اٹھائی ہے، میڈیا سے گفتگو

جمعرات 4 اگست 2016 10:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4اگست۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چےئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا پانامہ لیکس کے معاملہ پر سپریم کورٹ بھی جاسکتے ہیں،7اگست سے شروع ہونے والی تحریک نہیں رکے گی،پہلی ریلی پشاور سے اٹک اور پھر اسلام آباد جائے گی،نیب اور الیکشن کمیشن سمیت تمام اداروں کو ٹیسٹ کر رہے ہیں،حکمرانوں کی کرپشن سامنے لائیں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی احتجاج نہیں عوامی رابطہ مہم شروع کر رہے ہیں،جو کہتا ہے کہ تحریک جمہوریت کے خلاف ہے اسے جمہوریت کا پتہ ہی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہیں،کشمیریوں کی آنکھوں میں گولیاں ماری جارہی ہیں،حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر کے مسئلہ کوعالمی فورم پر اٹھائیں،وزیراعظم نوازشریف نے آواز نہیں اٹھائی ہے،یہ بھارت میں اپنے بزنس کے مفاد کو دیکھتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں انسانی جقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز نہیں اٹھاتے۔

(جاری ہے)

7اگست کو احتساب تحریک پشاور سے شروع ہوگی،ریلی اٹک تک جائے گی آگے کا پلان بھی بنائیں گے،پانامہ لیکس میں نوازشریف اور ان کا خاندان پکڑا گیا ہے،نوازشریف سے پارلیمنٹ میں جواب مانگتے ہیں تو وہ کہانیاں سنانا شروع کردیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹی او آر پر حکومت نہیں مان رہی اگر مان جاتے ہیں تو انہیں خوف ہے کہ بے نقاب ہوجائیں گے،ٹی او آر کمیٹی کا اجلاس پھر ہورہا ہے ہم بھی شرکت کرینگے لیکن ہمیں اس سے توقع نہیں ہے،پارلیمنٹ میں جھوٹ بولنے پر نوازشریف کو فارغ ہوجانا چاہئے تھا،ہم کرپشن کے خلاف ہیں اس لئے احتساب تحریک شروع کر رہے ہیں۔

وزیراعظم اور وزراء کی کرپشن ملک کو تباہ کر رہی ہے،سٹریٹ موومنٹ جمہوریت کے خلاف نہیں ہے یہ جمہوری عمل ہے،اگر حکمران عوام کا پیسہ لوٹ رہے ہوتے ہیں تو پھر جمہور کے پاس ہی جانا پڑتا ہے،آئی ایس آئی سے پیسہ لینے والے اور سپریم کورٹ پر حملہ کرنے والے ہمیں جمہوریت کا درس دیتے ہیں،آمر کی گود میں پلنے والے جمہوریت کی بات کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جمہوری جماعت ہے اور جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حلقہ125میں صرف57ہزار ووٹوں کی تصدیق ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ 2019ء کے انتخابات میں تاریخی دھاندلی ہوئی جتنے حلقے کھولیں گے دھاندلی سامنے آئے گی