ڈاکٹر عاصم ذہنی تناوٴ میں مبتلا، رینجرز کی وردی دیکھ کر بھی خوف زدہ ہوجاتے ہیں،نیند بھی نہیں آتی ،کراچی کی احتساب عدالت میں میڈیکل رپورٹ جمع

دوران سماعت سابق مشیر پیٹرولیم کے خلاف بورڈ آف ریونیو کے گواہان پیش نہ ہوسکے،عدالت کا برہمی کا اظہار

جمعہ 5 اگست 2016 10:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5اگست۔2016ء) کراچی کی احتساب عدالت میں پیش کی جانے والی ڈاکٹرعاصم کی میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سابق مشیر پیٹرولیم ذہنی تناوٴ میں مبتلا ہیں رینجرز کی وردی دیکھ کر بھی خوف زدہ ہوجاتے ہیں۔احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم کیخلاف 462ارب روپے کی کرپشن کیس کی سماعت ہوئی ، سابق مشیر پیٹرولیم کے خلاف بورڈ آف ریونیو کے گواہان پیش نہ ہوسکے جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔

گواہوں نے ڈاکٹر عاصم کی زمینوں کی الاٹمنٹ کا ریکارڈ پیش کرنا تھا۔سماعت کے دوران ڈاکٹر عاصم حسین کی میڈیکل رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ ڈاکٹر عاصم کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سابق مشیر پیٹرولیم تاحال خوف کا شکار ہیں اوراسی وجہ سے ذہنی تناوٴ میں بھی مبتلا ہیں، رینجرز کی وردی دیکھ کر بھی خوف کا شکار ہوجاتے ہیں اورخوف کے باعث انہیں نیند بھی نہیں آتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نجی اسپتال میں ڈاکٹرعاصم کی سائیکو تھراپی کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

عدالت نے میڈیکل رپورٹ پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہر دوسرا شخص رپورٹ میں بتائی گئی بیماریوں کا شکار ہے گزشتہ 6 ماہ سے ملزم کا طبی معائنہ ہورہا ہے لیکن ڈاکٹر عاصم ٹھیک نہیں ہو رہے ملزم کو کبھی کسی اسپتال لے جایا جاتا ہے اور کبھی کہیں۔عدالت نے میڈیکل بورڈ کے سربراہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عاصم کی سرجری کہاں کہاں ہوسکتی ہے تمام معلومات لے کر بتایا جائے میڈیکل بورڈ کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام سہولتیں فراہم کرے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عاصم حسین کی کمر میں بھی تکلیف ہے جس کے لئے سرجری اور تھراپی کی ضرورت ہے۔ جناح ہسپتال میں ریڑھ کی ہڈی کی سرجری ممکن نہیں۔ آغا خان اور ضیاء الدین ہسپتال میں یہ سہولت موجود ہے۔جج کا کہنا تھا کہ جناح ہسپتال اتنا بڑا ہے اس میں یہ سہولت کیوں موجود نہیں۔ جناح ہسپتال میں سرجری کا انتظام کیا جائے۔ عدالت نے میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر رضا رضوی کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے سماعت 16 اگست تک ملتوی کردی۔

دوسری جانب میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئیڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ کسی بھی چیز کو حاصل کرنے کے لئے قربانی دینی پڑتی ہے اگر اچھے دن نہیں رہے تو یہ بھی نہیں رہیں گے لیکن کچھ بھی ہوجائے میں ڈرنے والوں میں سے نہیں اور نہ ہی اصولوں پر سمجھوتا کروں گا۔سابق مشیر پیٹرولیم کاکہنا تھا کہ ہمارے خاندان نے 40 سال تک پاکستان کی خدمت کی، اپنے آباوٴ اجداد کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دوں گا جو غلط لوگ پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں ان کے پیچھے پڑے رہیں گے۔

ڈاکٹر عاصم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میری وڈیو لیک ہونے کا معاملہ عدالت میں زیرالتوا ہے اسٹیڈنگ کمیٹی نے پیمرا کو خط لکھ دیا ہے ملک میں تمام ادارے موجود ہیں جو بھی فیصلہ کرنا ہوگا انہیں کرنا ہے مجھے امید ہے کہ اس پر اچھا فیصلہ ہوگا۔