وزیراعظم کے احتساب تک عوام کے ساتھ رہوں گا،عمران خان

نیب نواز شریف اور اسحاق ڈار کو بچانے کی کوشش کر رہا ہے ،کرپشن نے ملک کے تمام اداروں کو تباہ کر دیا ہے ، کارکن نیا پاکستان بنا رہے ہیں کرپشن مکاؤ تحریک ہر پاکستانی کی تحریک ہے، چھوٹا سا حکمران ٹولہ ملک کو لوٹ رہا ہے، چیئرمین تحریک انصاف کا احتساب ریلی سے خطاب

پیر 8 اگست 2016 10:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8اگست۔2016ء)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن نے ملک کے تمام اداروں کو تباہ کر دیا ہے ، نیب نواز شریف اور اسحاق ڈار کو بچانے کی کوشش کر رہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں تحریک احتساب ریلی کے آغاز کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا بچہ بچہ کرپشن کا خاتمہ چاہتا ہے کیونکہ کرپشن سے سب سے زیادہ عام آدمی کو نقصان ہوتا ہے ، انہوں نے کہا کہ نیب کو چاہیئے کہ وہ وزیر اعظم اور اسحاق ڈار کی کرپشن کو چھپانے کی بجائے ان کا احتساب کرے اور ان سے پوچھے کہ ان کے پاس اربوں کے اثاثے کہاں سے آئے ۔

اس موقع پر ریلی میں کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے ۔ کرپشن نے ملکی اداروں کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا ہے، ایک ٹولہ قوم کا پیسہ لوٹ کر بیرون ملک منتقل کر دیتا ہے، پیسہ قوم کا ہے تو اس کی حفاظت بھی قوم ہی کرے گی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے کارکن نیا پاکستان بنا رہے ہیں اور کرپشن مکاؤ تحریک ہر پاکستانی کی تحریک ہے، احتساب تحریک ملک کو کرپشن سے بچانے کیلئے ہے، عمران خان نے وزیراعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا یہ تو ٹریلر ہے، میچ تو ابھی تو میچ شروع ہو گاتحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ چھوٹا سا حکمران ٹولہ ملک کو لوٹ رہا ہے۔

جن اداروں کو کرپشن پکڑنی چاہیے تھی وہی کرپٹ لوگوں کو بچا رہے ہیں ۔بدعنوانی کے خلاف تحریک منطقی انجام تک پہنچے گی۔ وزیراعظم کے احتساب تک عوام کے ساتھ رہوں گا۔انہوں نے کہاکہ ہرپاکستانی ملک کوکرپشن سے پاک دیکھنا چاہتا ہے کیونکہ کرپشن امیرکوامیراورغریب کوغریب تربناتی ہے۔ ملک کو کرپشن سے بچانے کی تحریک چلا رہے ہیں اور اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کا نظام نوازشریف کو نہیں پکڑسکتا،پاکستانیو! اپنے پیسے کی حفاظت آپ نے خود کرنی ہے۔ عمران خان نے کارکنوں کو جوش دلاتے ہوئے کہا کہ میں آپ کے ساتھ ہوں، یہ تحریک اب رُکنے والی نہیں۔ یہ پیسہ پاکستان کے عوام کا ہے ، اسی لیے یہ پاکستانیوں کی جنگ ہے ۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کارکن نیا پاکستان بنا رہے ہیں، انہیں گرمی کی پرواہ نہیں ہے ۔

تحریک احتساب ملک کو کرپشن سے بچانے کے لئے شروع کی گئی ہے ۔ یہ صرف ٹریلر ہے میچ تو ابھی شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے احتساب تک عوام کے ساتھ رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم خودکو قانون سے بالا سمجھتے ہیں ،ارکان ،پارلیمنٹ میں جھوٹ بولنے پر وزیر اعظم سے حساب لیں۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کی وجہ سے ملکی ادارے تباہ ہوگئے ہیں یہی وجہ ہے کہ جن اداروں کو نواز شریف کے خلاف تحقیقات کرنی تھیں وہ انہیں بچا رہے ہیں۔

وہ قومیں تباہ ہوگئیں جن میں کمزور اور طاقتور لوگوں کیلئے الگ قانون ہو، نواز شریف خود کو قانون سے بالا تر سمجھتا ہے۔عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ایف بی آرمگرمچھوں کو ٹیکس میں چھوٹ دیتاہے، نیب صرف پٹواریوں کو پکڑنے کے لئے ہے اور بڑی مچھلیاں آزاد گھوم رہی ہیں۔ نیب وزیراعظم سے پوچھے کہ اربوں روپے کی جائیداد اور محل کہاں سے آئے، لیکن نیب وزیراعظم اور وزیرخزانہ کو بچارہا ہے۔

جس کے بعد ریلی اٹک کی جانب روانہ ہوگئی ۔ریلی کے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جب کہ عمران خان کے ہمراہ جہانگیر ترین، شاہ محمود قریشی سمیت تحریک انصاف کے دیگر قائدین بھی کنٹینر پر موجود ہیں۔ مختلف شہروں سے پی ٹی آئی کی مقامی قیادت میں شرکاء ریلی میں شرکت کے لئے پشاور پہنچ چکے ہیں جب کہ عمران خان ریلی کے شرکاء سے نوشہرہ، جہانگیر آباد اور خیر آباد میں بھی خطاب کریں گے۔

نوشہرہ سے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی سربراہی میں بڑا جلوس ریلی میں شریک ہوگا جب کہ ریلی کا اختتام اٹک پہنچ کر ہوگا۔ اس کے علاوہ کارکنوں کا خون گرمانے کے لئے ڈی جے بٹ کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔عمران خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ قومی دولت لوٹنے والوں کے خلاف تحریک انصاف کی ریلی میں شریک ہوں جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کو ریلی کے لئے ایک لاکھ سے زائد لوگوں کو جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔