سانحہ کوئٹہ ضرب عضب کو متاثر کرنے کی ناکام کوشش ، دہشتگردی کیخلاف حاصل ثمرات ضائع نہیں ہونے دیں گے، جنرل راحیل شریف

کور کمانڈر کومبنگ آپریشن میں تیزی لائیں، دہشتگردوں اور انکے ٹھکانوں کو پوری قوت سے ختم کیا جائے، قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے قوم کی حمایت سے پاک فوج دہشتگردوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی،آرمی چیف

بدھ 10 اگست 2016 10:55

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10اگست۔2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ مسلح افواج دہشتگردی کے خلاف حاصل ثمرات ضائع نہیں ہونے دیں گے، کور کمانڈر ز آپریشن کومبنگ میں تیزی لائیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت منگل کے روز کورکمانڈر زکانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی جس میں کورکمانڈرز اور جرنیل سٹاف کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں سانحہ کوئٹہ ملک کی اندرونی و بیرونی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور سانحہ کوئٹہ کے شہداء اور زخمیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے کورکمانڈرز کو آپریشن کومبنگ تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ حملہ آپریشن ضرب عضب کو متاثر کرنے کی ناکام کوشش ہے، ہم آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں دہشتگردی کے خلاف حاصل ہونے والے ثمرات کو ضائع نہیں ہونے دیں گے، قوم کی حمایت سے پاک فوج دہشتگردوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

آرمی چیف نے دہشتگردوں اور انکے ٹھکانوں کو پوری قوت سے تباہ کر نے اور انکے سیلپر سیلز ختم کرنے کیلئے آپریشن تیز کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ سیلپر سیلز کے خاتمے کے لیے ٹارگیٹڈآپریشن جاری رکھے جائیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے۔