وزیرا عظم نواز شریف کی نیلم جہلم منصوبے جا ئزہ لینے مظفر آباد آمد

متعلقہ حکام نے منصوبے کی بیشرفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی نیلم جہلم منصوبے پر 85.3فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے،چےئرمین واپڈا

ہفتہ 13 اگست 2016 11:02

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13اگست۔2016ء)وزیرا عظم نواز شریف نیلم جہلم منصوبے جا ئزہ لینے کے لیے جمعہ کے روز مظفر آباد پہنچے جہاں متعلقہ حکام نے وزیرا عظم کو منصوبے کی بیشرفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ،اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فارو ق حیدر،وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار،وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات پرویز رشید،وزیر برائے امور کشمیر برجیس طاہر،معاون خصوصی آصف کرمانی اور نیلم جہلم منصوبے کے سی ای سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

چےئرمین واپڈا نے وزیر اعظم کو منصوبے کی ابتدا سے لے کر ابتک کی صورتحال سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا،چےئرمین واپڈا نے بریفنگ میں بتایا کہ نیلم جہلم منصوبے پر 85.3فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے،منصوبے کیل یے سرنگوں کی تعمیر کا کام آخری مراحل میں ہے،سرنگوں کی سٹیل لائننگ کا کام بھی نصف سے زیادہ مکمل کر لیا گیا ہے،جبکہ ڈیم کے سپل وے اور سٹرکچر کا کام 100فیصد مکمل ہے۔

(جاری ہے)

چےئرمین واپڈا نے مزید بتایا کہ حادثاتی مشکلات کی وجہ سے منصوبے میں کچھ تاخیر ہوئی ہے۔سی ای او نیلم جہلم پروجیکٹ نے بتایا کہ منصوبے پر 78فیصد مقامی افراد کو روز گار دیا گیا ہے اگے بھی مقامی افراد کو ترجیح دی جائے گی۔جس پر وزیرا عظم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے،انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت قوم سے کئے گئے وعدے ہر صورت پورے کرے گی،قوم کو لیڈ شیڈنگ سے نجات دلانے کی فکر مجھ سے زیادہ کسی کو نہیں ہو سکتی،قوم سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے پر عزم ہیں کسی کو رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے وزیرا عظم سے اپیل کی کہ نیلم جہلم منصوبے میں مقامی افراد کو روزگار دینے میں ترجیح دی جائے جس پر وزیر اعظم نے متعلقہ حکام سے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد بھی مقامی لوگوں کو ترجیح دی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اپنے دور حکومت میں ہی لوڈ شیڈنگ کے مکمل خاتمے کے لیے کوشاں ہیں۔

متعلقہ عنوان :