وزیر داخلہ سے چینی سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال

چینی سفیر کی کوئٹہ واقعے کی شدید مذمت، قیمتی جانوں کے ضیاع پر غم و افسوس کا اظہار کی پاک چین اسٹریٹجک تعلقات خطے میں پائیدار امن کے ضامن ہیں،سی پیک منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے ، چوہدری نثار

منگل 16 اگست 2016 10:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16اگست۔2016ء)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے پاکستان میں چین کے سفیر سی وی ڈانگ نے ملاقات کی ہے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور چین کے ساتھ جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ چینی سفیر نے کوئٹہ دہشتگردی کے واقعے کی شدید مذمت کی اور کوئٹہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے غم و افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی حکومت و پاکستانی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

خطے میں امن کی کوششوں کے لئے پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ پاک چین اسٹریٹجک تعلقات خطے میں پائیدار امن کے ضامن ہیں۔ پاک چین دوستی امن و ترقی مخالف قوتوں کے لئے پریشان کن ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئی طاقت دوستی و ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ سی پیک منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ چینی انجینئر اور ورکرز کی سکیورٹی یقینی بنائیں گے۔