گورنر سندھ کی صدر ممنون حسین سے ملاقات

امن و امان کے قیام ، سرمایہ کاری ، ترقیاتی منصوبوں اور دہشت گرد عناصر کیخلاف آپریشن پر تبادلہ خیال قیام امن کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،وفاق صوبائی حکومت سے بھرپور تعاون جاری رکھے گا ،عزم کا اظہا ر

بدھ 17 اگست 2016 11:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17اگست۔2016ء)گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے منگل کی شام گورنر ہاؤس میں صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان ممنون حسین سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں امن و امان کے قیام ، سرمایہ کاری ، ترقیاتی منصوبوں اور دہشت گرد عناصر کے خلاف جاری آپریشن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا ۔ ملاقات میں اس عزم کا اظہا ر کیا گیا کہ قیام امن کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اس ضمن میں وفاق صوبائی حکومت سے بھرپور تعاون جاری رکھے گا ۔

ملاقات میں اس با ت پر اتفاق کیا گیا کہ امن و امان کے قیام کے بغیر بیرونی سرمایہ کاری ممکن نہیں ، جاری آپریشن سے امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آرہی ہے جس کے باعث بیرونی سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں صدر مملکت نے کہا کہ صوبہ میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے وفاق ہر ممکن تعاون کرے گا وفاقی حکومت کے تعاون سے جاری میگا پروجیکٹس کو ہر صورت میں مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے گا ۔

گورنر سندھ نے صدر مملکت کو بتایا کہ صوبہ میں امن و امان کی بہتر صورتحال کے بعد ترقیاتی عمل کو مزید تیزکیا جارہا ہے، ملک کے اقتصادی حب کراچی میں طلب کے مطابق پانی مہیا کرنے کے لئے K-IV منصوبہ کا افتتاح کردیا گیا ہے اور اسے مقررہ وقت پر مکمل کرنے کے لئے صوبائی حکومت بھرپور توجہ دے رہی ہے ۔ صدر مملکت نے صوبائی حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کرکے ہی لوگوں کے دلوں کو جیتا جاسکتا ہے ۔

ملاقات میں اس عزم کا اظہا ر کیا گیا کہ صوبہ میں قیام امن کے لئے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابل تحسین ہیں جنھیں قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے صوبہ سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے آپریشن کو جاری رکھا جائے گا۔ ملاقات میں گورنر سندھ نے صوبہ میں تعلیم ، صحت اور انفرااسٹرکچر کے منصوبوں سے متعلق بھی صدر مملکت کو تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ تعلیم کے ضمن میں یونیورسٹیز کی تعداد 52 سے زائد ہو چکی ہے جبکہ شہروں اور گاؤں و دیہاتوں میں صحت کے مراکز بھی قائم کئے جارہے ہیں ۔ صدر مملکت نے تعلیم ، صحت اور انفرااسٹرکچر کے شعبوں میں جاری کام پر اطمینان کا اظہا ر کیا ۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :