جس آئین کے تحت الیکشن 2018ء میں ہونگے اسی آئین کے مطابق حکومت پہلے بھی جا سکتی ہے: چودھری شجاعت حسین

اپوزیشن متحد ہو تو حکومت ایک پل بھی نہیں چل سکتی، دیکھتے ہیں بلاول کنٹینر پر کیسے چڑھتے ہیں ہم سے تو چڑھا نہیں جاتا چودھری انور علی چیمہ مرحوم کی قومی، سیاسی اور عوامی خدمات ناقابل فراموش ہیں: اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعہ 19 اگست 2016 11:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19اگست۔2016ء )پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ حکومت میں فارورڈ بلاک کسی بھی وقت سامنے آ سکتا ہے۔ وہ سرگودھا میں سابق وفاقی وزیر چودھری انور علی چیمہ مرحوم کی رہائش گاہ پر ان کے صاحبزادے عامر سلطان چیمہ ایم پی اے اور دیگر اہل خانہ سے اظہارتعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے مرحوم کی قومی، سیاسی اور عوامی خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے باہمی اختلافات کے باعث حکومت اب تک چل رہی ہے، اپوزیشن متحد ہو جائے تو حکومت ایک پل بھی نہیں ٹھہر سکتی، اگر اپوزیشن متحد نہ ہوئی تو اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریکوں کا کوئی مستقبل نہیں، حکومت گرانے کیلئے متحد ہو کر تحریک چلانا ہو گی۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق الیکشن 2018ء میں ہونے ہیں تو اسی آئین کے مطابق حکومت پہلے بھی جا سکتی ہے، ن لیگ کے اندر اختلافات موجود ہیں اور فارورڈ بلاک کسی بھی وقت سامنے آ سکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اپنی عمر سے بڑھ کر باتیں کر رہے ہیں، دیکھتے ہیں وہ کنٹینر پر کیسے چڑھتے ہیں ہم سے تو اس عمر میں کنٹینر پر چڑھا نہیں جاتا۔

متعلقہ عنوان :