آصف زرداری سے بلاول بھٹو کی ملاقات

حکومت سے مفاہمت ہو گی نہ رعایت ، پاناما لیکس سمیت حکومتی کرپشن کے معاملات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا،دونوں رہنماؤں میں اتفاق

ہفتہ 20 اگست 2016 11:11

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20اگست۔2016ء) لندن میں سابق صدر آصف زرداری اور چےئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ حکومت سے مفاہمت ہو گی نہ رعایت ، پاناما لیکس سمیت حکومتی کرپشن کے معاملات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔پیپلزپارٹی نے حکومت سے پس پردہ رابطوں کی خبروں کو گمراہ کن قراردیدیا ہے۔ جمعہ کے روز لندن میں سابق صدر آصف علی زرداری اور چےئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی لندن میں ملکی سیاسی معاملات پر طویل مشاورت ہوئی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران پانامہ لیکس ، الیکشن کمیشن میں وزیراعظم کے خلاف دائر ریفرنس اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پیپلزپارٹی کی قیادت نے فیصلہ کیا کہ پاناما لیکس سمیت حکومتی کرپشن کے معاملات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ پیپلزپارٹی کی قیادت نے اتفاق کیا کہ پارلیمنٹ الیکشن کمیشن ، عدلیہ اور سڑکوں سمیت حکمرانوں کے خلاف ہر ممکنہ راستہ استعمال ہو گا۔ قیادت نے اتفاق کیا کہ اپوزیشن کو بلیک میل کرنے کے حکومتی حربے ناکام ہوں گے۔ حکومت سے پس پردہ رابطوں کی خبروں کو پیپلزپارٹی کی قیادت نے گمراہ کن قرار دیدیا۔ پیپلزپارٹی کی قیادت نے واضح کیا کہ حکومت کے لئے نرم گوشہ ہے نہ ہی اسے کوئی پیغام بھجوایا گیا ہے۔