پاکستان نے بھارت کو مسئلہ کشمیر پرمذاکرات کی دعوت دیدی

مسئلے کو اقوام متحدہ کی قرارداوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے پر زور پاکستانی سیکرٹری خارجہ نے بھارت ہم منصب کے خط کا جواب دیدیا،روا ں ماہ کے آخر میں دورہ اسلام آباد کی دعوت بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کر کے خط حوالے کیا گیا بھارت کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں،طارق فاطمی

ہفتہ 20 اگست 2016 11:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20اگست۔2016ء)پاکستانی سیکرٹری خارجہ نے بھارتی ہم منصب کے خط کاجواب دیتے ہوئے بھارت کو مسئلہ کشمیر پرمذاکرات کی دعوت دیدی ہے اور مسئلے کو اقوام متحدہ کی قرارداوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا گیا ہے ۔جاری بیان کے مطابق سیکرٹری خارجہ اعزازچوہدری نے بھارتی ہائی کمشنرکو طلب کیا ہے اور بھارتی سیکرٹری خارجہ کی جانب سے لکھے گئے خط پر جوابی خط انکے حوالے کیا ہے ۔

خط کے متن کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے بھارتی ہم منصب کورواں ماہ کے آخری ہفتے اسلام آباد کے دور ے اور کشمیرکے ایشوپرمذاکرات کرنے کی دعوت دی گئی ہے تاکہ مسئلہ کشمیر کا اقوام متحد ہ کی قراردادوں کی روشنی میں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق شفاف و فوری حل تلاش کرنے پر مذاکرات کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

خط میں پاکستان کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارت کشمیرمیں معصوم عوام کے ساتھ غیرانسانی سلوک فوری طورپربندکرے جو اپنے حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کررہے ہیں اسکے علاوہ زخمیوں کو طبی سہولیات اور مقبوضہ کشمیر کے علاقوں میں ڈاکٹروں اورطبی امداددلانے والے عملے کوجانے کی اجازت دی جائے ۔

ادھروزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے کہا ہے کہ ہم بھارت کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ بھارت کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات چیت کرنے پر زور دے رہے ہیں۔ بان کیمون نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مدد کی پیشکش کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ طارق فاطمی نے کہا ہے کہ بھارت میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بے چینی پائی جار رہی ہے۔ بھارت متنازعہ بیانات دے کر مقبوضہ کشمیر پر سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ سفارت کاری میں متنازعہ بیانات کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہ اکہ ہم ایک ذمہ دار ریاست ہیں اور دوسرے ملکوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں ۔

کلبھوشن کی گرفتاری پر اقوام متحدہ اور عالمی تنظیموں کو گاہ کیا ہے بھارت کی جانب سے غیر رسمی جنگ کا جائزہ لے رہے ہیں۔ بھارت پاکستان کو غیر رسمی ہتھکنڈوں سے نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کیمون نے مقبوضہ کشمیر پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے مدد کی پیشکش بھی کی ہے۔