او آئی سی نے مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی حمایت کی ہے،سرتاج عزیز

اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کی جانب سے بھارت کیساتھ کشمیر پر مذاکرات کی پیشکش پر پاکستان رضامند ہے بھارت بھی رضامند ہونا چاہیے، او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب اقوام متحدہ کی کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کو سراہتے ہیں، بھارت او آئی سی کے مقبوضہ کشمیر میں حالات کا جائزہ لینے کیلئے بنا ئے گئے مشن کو اجازت د ے ، عیاد امین مدنی

اتوار 21 اگست 2016 12:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21اگست۔2016ء) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ او آئی سی نے کشمیر کے مسئلہ پر پاکستانی موقف کی حمایت کی ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے بھارت کے ساتھ کشمیر پر مذاکرات کی پیشکش پر پاکستان رضامند ہے بھارت کو بھی رضامند ہونا چاہیے جبکہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل عیاد امین مدنی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی ثالثی کی پیشکش کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو او آئی سی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں حالات کا جائزہ لینے کیلئے بنائے گئے مشن کو دورے کی اجازت دینی چاہیے، دونوں رہنماؤں نے ان خیالات کا اظہار دفتر خارجہ میں ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان کے جانب سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا گیا ہے، او آئی سی سیکرٹری جنرل سے ہونے والی ملاقات میں کشمیر کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ کیا گیا ہے، او آئی سی نے کشمیر کے حوالے سے پاکستانی موقف کی بھرپور حمایت کی ہے، انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے او آئی سی کا رابطہ گروپ موثر کردار ادا کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاء کے خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا ضروری ہے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت ملنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں کے خلاف طاقت کا استعمال جاری ہے اور گزشتہ 40دنوں میں 80سے زائد کشمیریوں کو شہید، 100سے زائد کو پیلٹ گن کے استعمال کے بعد یا تو انکھیں ضائع کردی گئیں یا ان کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ 6ہزار سے زائد لوگ زخمی بھی ہوئے، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کے ہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان کشمیر کے مسئلہ پر ثالثی کی پیشکش کی ، پاکستان اس کیلئے تیار ہے لیکن بھارت کو بھی اس کیلئے تیار ہونا پڑے گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے بھارت کو کشمیر پر مذاکرات کی دعوت دی گئی، ہے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے اس موقع پر کہا کہ اس بات پر اتفاق کرتا ہوں کہ کشمیر کے حوالے سے زبانی بیانات کافی نہیں۔

(جاری ہے)

تنظیم کی جانب سے جموں و کشمیر میں حالات کا جائزہ لینے کیلئے مشن بھیجنے کی منظوری دی گئی ہے لیکن بھارت کی جانب سے مشن کو جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے، انہوں نے مشن کو دورے اجازت دینا چاہیے، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرنے کے حق میں نہیں، کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کو روکنے کیلئے آواز اٹھا رہے ہیں،انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے کشمیر کے مسئلہ پر پاکستان اور بھارت کا درمیان رضامندی کی صورت میں ثالثی کی پیشکش کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ اقوام متحدہ کی اس حوالے سے قراردادیں موجود ہیںِ، انہوں نے کہا کہ بھارت کو کشمیریوں کو ریفرینڈ م کا حق دینا چاہیے، انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک جامع مذاکرات بحال کریں گے،انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان میں امن و امان کے خواہان ہے اور اس جانب جو بھی اقدامات پاکستان اور دیگر ممالک کی جانب سے لیے جارہی ہے ان کی حمایت کرتے ہیں، فلسطین کے حوالے سے عیاد امین مدنی نے کہا کہ مارچ میں فلسطین کے حوالے سے تنظیم کا سربراہ اجلاس منعقد ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی کی فلسطینیوں کے حوالے سے نسلی عصبیت کا مظاہر ہ کیا جارہا ہے اس کی مذمت کرتے ہیں اور اس حوالے سے فلسطین کے صدر محمود عباس اور دیگر قیادت کے ساتھ رابطہ میں ہیں۔