خیبر پی کے ،کے ناراض اراکین اسمبلی کی عمران خان کیساتھ ملاقات

تحریک انصاف میں کوئی گروپ بندی یا باغی گروپ نہیں ، نعیم الحق ناراض ارکان کا بھی عمران خان پر اعتماد ہے، عمران خان نے انکے تحفظات د ورکرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ،مرکزی سیکرٹری اطلاعات کی ناراض اراکین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو ہمارے تحفظات پارٹی کے مفاد میں ہیں، ا حتجاج کا مقصد گورننس اور احتساب کے عمل کو مزید بہتر بنانا ہے،تحریک انصاف جمہوری پارٹی ہے،ناراض اراکین

اتوار 21 اگست 2016 12:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21اگست۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف میں کوئی گروپ بندی یا باغی گروپ نہیں ہے، جنہیں ناراض کیا جاتا ہے ان کا بھی عمران خان پر اعتماد ہے، عمران خان نے ناراض اراکین کے تحفظات د ورکرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بنی گالا میں خیبر پی کے ناراض اراکین اسمبلی نے عمران خان کیساتھ ملاقات کی ہے اور عمران خان کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے ۔

ملاقات کے بعدناراض اراکین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ ناراض اراکین نے عمران خان کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے جس پر عمران خان نے اراکین کے مسائل کے حل کے یقین دہانی کرائی ہے اور انکے مسائل فوری طور پر عمل در آمد کرنے کی ہدایت کی ہے ، انہوں نے ناراض اراکین کو دوبارہ جمعہ کے روز بنی گالا میں بلا لیا ہے،نعیم الحق کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پی کے میں سارے ترقیاتی پروگراموں کی مانیٹرنگ خود ہی کرتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پارٹی معاملات کو بہتر طریقے سے حل کیا جائے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ناراض اراکین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ واضح ہوگیا ہے کہ تحریک انصاف جمہوری پارٹی ہے، ہمارے تحفظات پارٹی کے مفاد میں ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پارٹی سٹیٹس کو سے نکلے اور 2018میں الیکشن دوبارہ بھاری اکثریت سے جیتیں ہمارا احتجاج کا مقصد گورننس اور احتساب کے عمل کو مزید بہتر بنانا ہے، ہم کے پی کے صوبے میں اصلاحات چاہتے ہیں، اراکین کا کہنا تھا کہ کے پی کے حکومت کو پارٹی کے ایجنڈے پر چلایا جائے اور اس ایجنڈے پر عمل درآمد کیا جائے۔