امریکی شہری میتھیو بیرٹ اور افغان شہری نانی خیل کو ملک بدر کر دیا گیا

میتھیو کی پاکستانی بیوی بھی ہمراہ روانہ ، افغان شہری ناروے حکام کو مطلوب تھا

اتوار 21 اگست 2016 12:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21اگست۔2016ء) پاکستان نے امریکی شہری میتھیو بیرٹ اور افغان شہری نانی خیل کو ملک بدر کر دیا، میتھیو بیرٹ کو جمعہ کی شب اسلام آباد سے لاہور منتقل کر دیا گیا تھا، میتھیو کی پاکستانی بیوی بھی ہمراہ روانہ ہو گئی، افغان شہری ناروے حکام کو مطلوب تھا، تفصیلات کے مطابق پاکستان نے گزشتہ روز2غیر ملکیوں کو ملک بدر کر دیا ہے، امریکی شہری میتھو بیرٹ کو 6اگسٹ کو بے نظیر ایئرپورٹ اسلام آباد سے جعلی سفری دستاویزات کی وجہ سے گرفتار کیا گیا تھا جبکہ میتھیو بیرٹ کانام بلیک لسٹ میں بھی شامل تھا، اس کے علاوہ امریکی شہری کو 2011میں فتح جنگ میں حساس مقام میں داخل ہونے اور سیکیورٹی اہلکاروں سے ہاتھا پائی کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا، 3ماہ جیل میں رہنے کے بعد سپریم کورٹ کے حکم پر امریکی شہری کو ملک بدر کرکے نام بلیک لسٹ کر دیا گیا تھا، پانچ سال کے عرصہ کے بعد میتھو نے دوبارہ پاکستان آنے کو کوشش کی جس کے لیے اس نے جعلی ویزے اور دیگر جعلی سفری دستاویزات کا سہارا لیا تھا، ایئرپورٹ پر بلیک لسٹ کی نشاندھی ہونے پر گرفتاری عمل میں لائی گئی بعدازاں عدالت کے ذریعے ریمانڈ اور پھر جیل منتقل کیا گیا جمعہ کی شب میتھو بیرٹ کو اسلام آباد سے لاہور منتقل کیا گیا جیاں سے ہفتہ کی صبح پی کے771پرواز کے ذریعے امریکی شہری کو ملک بدر کر دیا گیا، واضح رہے کے امریکی شہری میتھو بیرٹ نے عدالت کو بتایا تھا کہ اس نے پاکستان میں شادی کر رکھی ہے اور اس کے 2بچے بھی ہیں، جبکہ میتھو بیرٹ کے پاکستانی سسر ایک معروف بیرسٹر بھی ہیں، اس لیے وہ اپنے گھروالوں سے ملنے پاکستان آیا ہے، پاکستان نے امریکی شہری کا پرانا ریکارڈ دیکھتے ہوئے اور جعلی کاغذات کے ذریعے پاکستان داخلے کی کوشش کے پیش نظر امریکی شہری کی پاکستانی بیوی کو بھی امریکہ جانے کی اجازت دیدی ہے، جبکہ ہفتہ کے روز بے نظیر ایئرپورٹ اسلام آباد سے ایک افغان شہری نانی خیل کو بھی ملک بدر کر دیا گیا ہے، افغان شہری نانی خیل ناروے حکام کو مطلوب تھا، پاکستان نے نانی خیل کو انٹرپول کے ذریعے ملک بدر کیا۔