ایکنک اجلاس، 89کلو میٹر لاہور سیالکوٹ موٹر وے منصوبے کی 43 ارب میں منظوری

34ارب سولہ کروڑ لاگت سے 69کلو میٹر برہان سے حویلیاں ایکسپریس وے سڑک کی تعمیر کے منصوبے کی بھی منظوری

منگل 23 اگست 2016 11:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23اگست۔2016ء)قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے 89کلو میٹر لاہور سیالکوٹ موٹر وے منصوبے کی تینتالیس ارب روپے میں منظوری دی گئی چو نتیس ارب سولہ کروڑ روپے کی لاگت سے 69کلو میٹر برہان سے حویلیاں ایکسپریس وے سڑک کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دی ایکنک کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت پیر کواسلام آباد میں ہوا۔

ایکنک کے اجلاس میں اربوں روپے کے منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ ایکنک کے اجلاس میں 26855ملین روپے کے نظرثانی شدہ کاسٹ منصوبے لواری روڈ ٹنل اور اس کے ملحقہ روڈ کے منصوبے کا جائزہ لینے کے بعد منظور کرلیا گیا۔منصوبے کی قیمت لاگت میں اضافہ کام کے سکوپ کے بڑھنے کی وجہ سے ہوا ہے،جس کے تحت پانچ میٹر کی اونچائی پر ٹنل کی چوڑائی کو 6سے7.5میٹر تک چوڑا کرنا شامل ہے۔

(جاری ہے)

کام کی نوعیت میں ہوا کے آمد ورفت کے نظام اور بجلی کے کام سمیت پلیٹ فارمز کی تعمیر،عمارت کو استعمال میں لانے اور برف کو صاف کرنے کے آلات کو لگانا شامل ہیں۔منصوبے میں 5870ملین روپے کی غیر ملکی امداد شامل ہے جبکہ اس منصوبے کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی مکمل کرے گی۔ایکنک نے 17423ملین روپے کے نظرثانی شدہ منصوبے این45 کی چوڑائی اور بہتری کے منصوبے کی بھی منظوری دے دی،یہ منصوبہ چکدرہ،تعمیرگرہ،اکہاگرم،دیر،کلکاٹک، چترائی میں واقع ہے،لواری ٹنل پروجیکٹ اور این 45منصوبے پاکستان کا سٹرٹیجک ایسڈ ثابت ہوں گے،اس منصوبے کی تعمیر سے علاقے میں ترقی کے ساتھ ساتھ بہتر سہولیات بھی مہیا ہوسکیں گی۔

ایکنک نے خیبرپختونخواہ میں برہان حویلیاں ایکسپریس ہائی وے کی نظرثانی شدہ 34165ملین روپے میں منظوری دے دی،یہ منصوبہ ستمبر2017میں مکمل کیا جائے گا،منصوبے کی لاگت میں اضافہ 59.1کلومیٹر سڑک میں تیسری لین کی تعمیر کی وجہ سے عمل میں لائی گئی ہے۔نظرثانی شدہ منصوبہ 200ملین ڈالرکے اے ڈی پی قرضے سے مکمل کیا جائے گا۔ایشےئن ڈویلپمنٹ بنک نے کام کی اضافی نوعیت کو دیکھتے ہوئے بقیہ رہ جانے والے منصوبے پر بھی قرضہ دینے کی حامی بھری ہے۔

اس موقع پر وزیرخزانہ خیبرپختونخوا مظفر شاہ نے وزیراعظم نوازشریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے،یہ منصوبہ کے پی کے کیلئے بہت اہم ہے۔ایکنک نے 89کلو میٹر لاہور سیالکوٹ موٹر وے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی،منصوبے پر تینتالیس ارب روپے سے زائدلاگت آئے گی۔منصوبے سے لاہور،شیخوپورہ،گوجرانوالہ اور سیالکوٹ مستفید ہونگے قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نیکراچی پورٹ پر نوارب چھپن کروڑ روپے کی لاگت سے شپ لفٹ ٹرانسفر سسٹم کی بھی منظوری دی۔

ایکنک نے 22ارب 16کروڑ روپے کی لاگت سے بلوچستان میں پانی کے وسائل کی بہتری کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔منصوبے سے بلوچستان کے عوام کو پینے کا صاف پانی میسر آئے گی اور لائیوسٹاک کے شعبے میں بھی بہتری آئے گی

متعلقہ عنوان :