وزیراعظم کے مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان عملدرآمد کمیٹی کا پہلا اجلاس،تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز، ہوم سیکرٹریز، انسپکٹرز جنرل پولیس، ڈی جی (ایم او)، آئی بی کے سینئر نمائندوں کے علاوہ وزیراعلی گلگت بلتستان کی بھی شرکت،نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے اب تک کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا

منگل 23 اگست 2016 11:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23اگست۔2016ء) نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کمیٹی کا پہلا اجلاس پیر کو وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وزیراعظم کے مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے کی۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے اب تک کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نیشنل سیکورٹی کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز، ہوم سیکرٹریز، انسپکٹرز جنرل پولیس، ڈی جی (ایم او)، آئی بی کے سینئر نمائندوں کے علاوہ وزیراعلی گلگت بلتستان نے بھی شرکت کی۔ اٹارنی جنرل، چیئرمین پیمرا، چیئرمین پی ٹی اے نے بھی خصوصی دعوت پر شرکت کی۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے اپنے استقبالیہ خطاب میں نیشنل ایکشن پلان کو ایک قومی ضرورت اور ایک ایسا نسخہ کیمیاء قرار دیا جس پر تمام سیاسی جماعتوں اور پوری قوم کا اتفاق ہے، جب سے نیشنل ایکشن پلان بنا ہے یہ اپنی نوعیت کی پہلی ایسی میٹنگ تھی جس میں نیشنل ایکشن پلان کے بیس نکات کا احاطہ کیا گیا اور اس حوالے سے درپیش مسائل کی نشاندہی کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس 6 گھنٹے جاری رہا۔ چیئرمین کمیٹی نے اپنے خطاب میں پولیس، رینجرز، فوج اور عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا جن کی ثابت قدمی کی وجہ سے ہم نے دہشتگردی کے بڑے مسئلے سے اپنا گلا چھڑوایا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اب ہم اپنے مقصد کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔ میٹنگ میں موجود وفاق کی تمام اکائیوں کے نمائندگان نے یہ تجدید عہد کیا کہ وہ دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں دشمن کو شکست دینے کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

متعلقہ عنوان :