دہشتگردوں کیخلاف آپریشنز بغیر کسی تفریق کے جاری رہیں گے ،جنرل راحیل شریف

پاکستان کسی دہشتگرد کو اپنی سر زمین کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیگا ، فاٹا میں کامیابیوں کو مستحکم کرتے ہوئے توجہ دہشتگردوں کے سلیپرز سیلز اور ملک بھر میں انکے سہولت کاروں کے نیٹ ورک کے خاتمے پر مرکوز ہے ،آرمی چیف کا کرم ایجنسی کا دورہ، سرحد کے آر پار نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت

بدھ 24 اگست 2016 11:07

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24اگست۔2016ء)چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے واضح کیا ہے کہ دہشتگردوں کیخلاف آپریشنز بغیر کسی تفریق کے جاری رہیں گے ، پاکستان کسی دہشتگرد کو اپنی سر زمین کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیگا ، فاٹا میں کامیابیوں کو مستحکم کرتے ہوئے توجہ دہشتگردوں کے سلیپرز سیلز اور ملک بھر میں انکے سہولت کاروں کے نیٹ ورک کے خاتمے پر مرکوز ہے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے منگل کو کرم ایجنسی کا دورہ کیا اور کومبنگ آپریشن میں مصروف فوجیوں سے ملاقات کی۔ آرمی چیف کو آپریشن کمانڈر کی جانب سے کرم ایجنسی میں سیکیورٹی صورتحال کے علاوہ جاری کومبنگ آپریشنز اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشنز کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔

(جاری ہے)

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کومبنگ آپریشنز کی پیش رفت اور اس کے نتیجہ میں سیکیورٹی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا ۔

آرمی چیف نے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے حاصل ہونیوالی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے علاقہ کو دہشتگردوں اور انکے ہمدردوں سے پاک کرنے کے سلسلہ میں آپریشنز کی اہمیت پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ ہم فاٹا میں آپریشنز سے حاصل ہونیوالی کامیابیوں کو مستحکم کر رہے ہیں اور ہماری توجہ دہشتگردوں کے سلیپرز سیلز کے خاتمے اور فاٹا سمیت ملک بھر میں انکے سہولت کاروں کے نیٹ ورک کے خاتمے پر مرکوز ہے ۔

جنرل راحیل شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آپریشنز بغیر کسی تفریق کے خلاف جاری رہیں گے اور پاکستان کسی دہشتگرد کو اپنی سر زمین کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیگا ۔ آرمی چیف نے بارڈر مینجمنٹ کو بہتر بنانے کی غرض سے سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتیوں اور سٹرکچرز کا جائزہ لیا اور افغان نیشنل سیکیورٹی فورسز اور افغانستان میں اتحادی افواج سے رابطہ رکھتے ہوئے سرحد کے آر پار نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی ۔ قبل ازیں کرم ایجنسی آمد پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا استقبال کیا۔