الطاف حسین کیخلاف مقدمہ درج کرنے کے قانونی پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے، مصدق ملک کی نجی ٹی وی سے گفتگو

بدھ 24 اگست 2016 11:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24اگست۔2016ء) وزیراعظم کے ترجمان مصدق ملک نے کہا ہے کہ عوام کو گڑبڑ کرنے پر اکسانے اور کراچی میں میڈیا ہاؤسز پر حملوں کے تناظر میں الطاف حسین کیخلاف مقدمہ درج کرنے کے قانونی پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہئے مصدق ملک نے کہا کہ مقدمہ درج کرنے کے حوالے سے کچھ قانونی پیچیدگیاں ہیں تاہم حکومت متحدہ کے قائد الطاف حسین کیخلاف مقدمہ درج کرانے کے امکانات پر غور کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کا بیان انتہائی قابل مذمت ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے اس کی مذمت کی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اس مسئلہ کو برطانوی حکومت کے سامنے بھرپور انداز میں اٹھایا جائے گا۔ اس حوالے سے برطانوی حکومت سے رابطے بھی ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم یہ مسئلہ برطانوی حکومت کے سامنے اٹھا رہے ہیں، ہم انتظار کر یں گے کہ برطانوی حکومت کا ہمارے مطالبہ پر کیا ردعمل ہے کیونکہ الطاف حسین کے خلاف برطانوی قانون کے تحت مقدمہ درج کیا جانا ہے۔

موجودہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ حالات ابھی واضح نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایم کیو ایم الطاف حسین کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار نہیں کرتی تو یہ اس کیلئے نقصان دہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کیخلاف بیان بازی کرنے والی تمام فیکٹریاں بند کر دیں گے اور وفاقی حکومت اس حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔