کراچی ،ڈاکٹر فاروق ستار کا قائد متحدہ الطاف حسین سے قطع تعلق کا اعلان

23 اگست کو ایک لکیر کھینچ دی ،فیصلہ سازی کا تعلق لندن سے نہیں رہا ،فاروق ستار جب ہمارا لندن سے کوئی تعلق نہیں تو اس کا مطلب الطاف حسین سے بھی کوئی تعلق نہیں،ڈپٹی کنوینئر ایم کیو ایم

اتوار 28 اگست 2016 12:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28اگست۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے ڈپٹی کنوینئر اور سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے قائد متحدہ الطاف حسین سے قطع تعلق کا اعلان کردیا ہے اور کہا ہے کہ 23 اگست کو ہم نے ایک لکیر کھینچ دی جس کے بعد پارٹی کی فیصلہ سازی اور دیگر معاملات کا تعلق لندن سے نہیں رہا اور جب ہمارا لندن سے کوئی تعلق نہیں تو اس کا مطلب الطاف حسین سے بھی کوئی تعلق نہیں ہے ۔

ہفتے کو کراچی میں ایم کیو ایم کے دیگر رہنماوٴں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو اور دیگر دفاتر کو غیر قانونی اور غیر آئینی طور پر سیل کیا گیا، ایم کیو ایم کی سیاسی سرگرمیوں پر غیر اعلانیہ پابندی ختم ہونی چاہیے اور کراچی سمیت سندھ میں جہاں ایم کیو ایم نے الیکشن جیتا وہاں اسے سیاسی اونر شپ دی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری نیک نیتی اور اخلاص پر شک کرنے کا اختیار کسی کو نہیں، آج ہمارے مخالفین آکر ہمارے سامنے کھڑے ہو رہے ہیں بلکہ یہاں تک نوبت آگئی ہے کہ اب ہماری بہنوں اور بیٹیوں کو گرفتار کیا جارہا ہے جبکہ چینلز پر حملے میں ہماری جن خواتین کو گرفتار کیا گیا ان کا اس حملے سے کوئی تعلق نہیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہمارے متعدد دفاتر کو غیر قانونی طور پر قائم کرنے کا جواز دے کر مسمار کیا گیا جبکہ جن دفاتر کو غیر قانونی قرار دے کر مسمار کیا جارہا ہے اس کی ٹائمنگ قابل غور ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کا عمل ثابت کر رہا ہے کہ ایک شخص کے بیانات کا معاملہ نہیں، ایک ایم کیو ایم بنادی گئی جس کا نام میں نہیں لے رہا، ایک ایم کیو ایم لندن ہے جس کا نام خود رکھا گیا، ایک ایم کیو ایم پاکستان ہے جو اصل ایم کیو ایم ہے، جبکہ ایسا لگتا ہے پس پردہ 4 یا 5 ایم کیو ایم بنانے کے ایجنڈے پر کام ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری مثبت کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش نظر آرہی ہے، بچوں اور خواتین کی بلاجواز گرفتاریاں ہو رہی ہیں جبکہ اس طرح کا عمل لوگوں کے جذبات ابھارتا ان کو مشتعل کرتا ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ ہماری مقتدر حلقوں سے گزارش ہے کہ خدا کے واسطے ہمیں کام کرنے دیں، ہم یقین دلائیں گے کہ ایم کیو ایم اور دہشت گردی الگ الگ چیزیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ وسیم اختر جب20اگست کو میئر کا حلف اٹھائیں گے تو پہلا اعلان کراچی سے تجاوزات و غیر قانونی قبضے ختم کرنے کا کریں گے اور ایم کیو ایم کا میئر غیر قانونی دفاتر کو خود توڑے گا ،انہوں نے کہا کہ اب تک 20سے زائد دفاتر کو مسمار کیا گیا ہے جبکہ30سے40سیل کئے گئے ،مسمار کئے گئے دفاتر جائز اورذاتی پراپرٹی ہیں جو لوگوں نے ایم کیو ایم کیلئے وقف کئے کچھ دفاتر میں کمپیوٹر لٹریسی سینٹر قائم ہیں اور زیادہ تر دفاتر تنظیمی ڈھانچے کے نہیں بلکہ ٹاؤن اور یونین کونسل چیئرمین اور وائس چیئرمین کے استعما ل میں ہیں حکومت کی فی الوقت دفاتر توڑنے کا وقت غلط ہے کمپیوٹر انسٹی ٹیوٹ اور لائبریری کو نہ توڑا جائے یہ جگہیں عبدالستار ایدھی اور سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ لے لیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں منفی سوچ کی طرف مت دکھیلا جائے آج کی پریس کانفرنس کو سنجیدگی کے ساتھ لیا جائے