ایم کیو ایم لندن کچھ نہیں، یہ ہمیشہ پاکستان ہی رہی، مصطفی کمال

لوگوں کو پریشان نہ کریں،سوال یہ ہے حکومت پاکستان نے الطاف حسین کیخلاف کیا کیا،سربراہ پاک سر زمین پارٹی

اتوار 28 اگست 2016 12:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28اگست۔2016ء ) پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ لندن کچھ نہیں، یہ ہمیشہ ایم کیو ایم پاکستان ہی رہی، لہذا لوگوں کو پریشان نہ کریں۔سوال یہ ہے کہ حکومت پاکستان نے الطاف حسین کے خلاف کیا کیا ۔ ہفتے کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ مصطفی کمال نے ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کو مخاطب کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفی کمال نے کہا کہ فاروق ستار کو سب پتہ ہے کہ الطاف حسین 'را' کے ایجنٹ ہیں اور قائد ایم کیو ایم کے رابطوں سے بھی وہ واقف ہیں، لہذا اگر ان میں سچ بولنے کی سکت نہیں توجھوٹ بھی نہ بولیں۔

انہوں نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سیکٹر و یونٹ آفس گرائے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا ان دیواروں نے 'مردہ باد' کا نعرہ لگایا تھا؟ان کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کے ایک عام شہری کی حیثیت سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ پاکستان اور اس کی سالمیت کے ساتھ غداری کی گئی، اس حوالے سے ارباب اختیار نے کیا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکمران ایمانداری کے ساتھ محرومیوں کو ختم کرنے کی بات کریں، یہ نہ ہو کہ مہم جوئی میں ہم کسی اور طرف نہ نکل جائیں۔الطاف حسین کی پاکستان مخالف تقریر کے بعد متحدہ کے دفاتر گرائے جانے کو مصطفیٰ کمال نے 'غلط روش' قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس غداری پر آپ نے خواتین کو گرفتار کیا، سیکٹر اور یونٹ آفسز گرائے، تصاویر اورپوسٹرز اتار لیے گئے لیکن یہ ٹھوس اقدامات نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاق اور سندھ حکومت کراچی کے زخموں پر مرہم رکھیں اور مسائل کو حل کرنے کے لیے فی الفور اقدامات کیے جائیں۔مصطفی کمال نے ایک مرتبہ پھر الطاف حسین کو ہندوستان کی خفیہ ایجنسی 'را' کا ایجنٹ قرار دیا اور کہا کہ لندن میں بیٹھے اس شخص نے قوم کا بیڑا غرق کردیا ہے۔انھوں نے کہا کہ میڈیا پر خبریں چلیں کہ برطانیہ سے رابطہ کرلیا گیا، وہاں گھیرا تنگ کرلیا گیا، کیا الطاف حسین نے برطانیہ کو گالی دی تھی؟ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کچھ نہیں کرے گا، ہمیں حکومت پاکستان کا ایکشن ملک کے اندر چاہیے۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ الطاف حسین قائد ایم کیو ایم کی حیثیت سے تقریر کر رہے تھے اور اسی ایم کیو ایم کے قائد کی حیثیت سے انھوں نے پاکستان کو گالیاں دیں۔