اسلام آبادسمیت آزاد کشمیر اورپنجاب میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب آ گئے

120فیڈرز ٹرپ ،کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ، لاہورکی سڑکیں سوئمنگ پولز میں تبدیل ہو گئیں ٹریفک جام کے باعث سکول جانیوالے بچوں اور دفاتر میں کام کرنیوالے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا بارش کا یہ سلسلہ آئندہ 3 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے،محکمہ موسمیات ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کے پیش نظر متعلقہ حکام کو الرٹ رہنے کی بھی ہدایت کردی گئی

اتوار 28 اگست 2016 12:43

اسلام آباد،لاہور، راولپنڈی، ، مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28اگست۔2016ء)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت آزاد کشمیر اورپنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے،120فیڈرز ٹرپ کرجانے سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی، موسلا دھار بارش نے لاہورکی سڑکوں کوسوئمنگ پول میں تبدیل کردیا ،ٹریفک جام ہونے کے باعث سکول جانیوالے بچوں اور دفاتر میں کام کرنیوالے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، بارش کا یہ سلسلہ آئندہ 3 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز اسلام آباد میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ،مارگلہ کی پہاڑیاں حسین نظارہ پیش کرنے لگیں،لاہور اور گردو نواح میں ہفتہ کی ہونے والی موسلا دھار بارش نے صوبائی دارالحکومت لاہور کی سڑکوں کو سوئمنگ پولز میں تبدیل کردیا ،ماڈل ٹاوٴن، ہربنس پورہ، گڑھی شاہو، پنجاب یونیورسٹی، رائے ونڈ روڈ، چائنا اسکیم، شاد باغ، ڈیوس روڈ،اچھرہ، شادمان، مسلم ٹاوٴن، گلبرگ، کینال روڈ، فیروزپور روڈ، مصری شاہ روڈ، موریہ پل اور اعظم ٹاوٴن میں سڑکیں اور انڈر پاسز ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں جبکہ کئی نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

تیز بارش کے باعث سڑکوں پر پانی ہونے سے شدید ٹریفک جام ہو گیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس کی وجہ سے بچوں کو سکول جانے اور شہریوں کو دفاتر جانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کے باعث شہر کے 120 فیڈر ٹرپ کرنے سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔ بارش کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی معطل کر دیا گیا ہے۔

ادھر سرگودھا میں بھادوں کے رنگ نرالے‘ کہیں دھوپ‘ کہیں بادل‘ کہیں ہواء‘ کہیں بارش‘ موسم خوشگوار ہوگیا،‘ گزشتہ کئی روز سے سرگودھا اور گردونواح میں گرمی اور حبس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا تھا مگر ہفتہ کے روز صبح سویرے ہی کالی گھٹاؤں نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور سورج کو نہ نکلنے دیا ٹھنڈی ہواء چلنے سے موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا جس پر لوگوں نے سکھ کا سانس لیا۔

لاہور کے علاوہ منگلا، منڈی بہاوٴ الدین، راولپنڈی، جوہر آباد، پنڈی بھٹیاں اور آزاد کشمیر میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج 111 ملی لیٹر دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ آئندہ 3 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ دو روز قبل بھی شدید بارش کے باعث لاہور کے نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ تک پانی جمع ہونے سے معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا تھا۔دوسری جانب بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا اور ٹھنڈک کا احساس ہونے لگا۔ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کے پیش نظر متعلقہ حکام کو الرٹ رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :