پاکستانی فوج دہشت گردوں سے لڑنے کے لئے بھرپور عزم اور طاقت رکھتی ہے، حسن روحانی

پاک ایران باہمی معاہدوں پر عمل درآمد سے اقتصادی تعاون کو مزید فروغ ملے گا ایرانی صدر کا پاکستانی سفیر آصف علی خان درانی سے ملاقات میں اظہار خیال

پیر 29 اگست 2016 11:06

تہران( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29اگست۔2016ء )ایرا نی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان قریبی تعلقات سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کومزید بہتر بنانے کے مواقع میسر ائینگے۔تہران میں اتوار کو پاکستانی سفیر آصف علی خان درانی سے ان کے اسناد تقرری وصول کرتے ہوئے ایرانی صدر حسن روحانی نے دونوں ممالک کے درمیان دستخط شدہ معاہدوں پر عمل درآمد کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ان معاہدوں پر عمل درآمد سے تہران اور اسلام آباد اقتصادی تعاون کو مزید بڑھانے کے قابل ہو جائیں گے ۔

حسن روحانی نے کہا کہ دہشت گردی کی سرگرمیوں کا کسی بھی اسلامی، اخلاقی یا انسانی اصولوں سے کوئی واسطہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد گروپوں کے خلاف جنگ ایک آسان کام نہیں ہے لیکن ہمیں پختہ یقین ہے کہ پاکستانی فوج اورسکیورٹی فورسز میں دہشت گردوں سے لڑنے کے لئے بھرپور عزم اور طاقت موجود ہے ۔

(جاری ہے)

ایران کے صدر حسن روحانی نے سرحدوں پر اور خطے میں سیکورٹی فراہم کرنے کے لئے پاکستان کے ساتھ قریبی مشترکہ تعاون پر زور دیا ۔

انہوں نے پاکستانی اور ایرانی اقوام کے درمیان بہت سے مشترکہ ثقافتی اقدار کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی، علمی اور سائنسی شعبوں میں مزید تعاون کے فروغ پر زور دیا۔نئے پاکستانی سفیر آصف علی خان درانی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ سمیت تمام شعبوں میں ایران کے ساتھ تعاون کو وسعت دینے کیلئے پاکستان کی مکمل آمادگی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تہران اور اسلام آباد نے ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے اور اب بھی دونوں ممالک تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو سیاسی تعلقات کی سطح پر بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔

متعلقہ عنوان :