کوئی طاقت باچا خان کے ایجنڈے کو ختم نہیں کر سکتی ،اسفند یار ولی

پانامہ لیکس میں شامل افراد کا بلاامتیاز احتساب ہونا چاہئے، افغان تھا ، ہوں اور افغان ہی رہوں گا،جلسہ عام سے خطاب

پیر 29 اگست 2016 11:06

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29اگست۔2016ء) اے این پی کے سربراہ اسفندر یار ولی نے کہا ہے کہ کوئی طاقت باچا خان کے ایجنڈے کو ختم نہیں کر سکتی ۔ پانامہ لیکس میں شامل افراد کا بلاامتیاز احتساب ہونا چاہئے چھوٹے صوبوں کی حق تلفی کے لئے مردم شماری نہیں کرائی جا رہی ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوابی میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے حکومت میں تخت اسلام آباد اور تخت لاہور کے لئے مفادات کی جنگ جاری ہے جبکہ پشتونوں سے ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ نہیں ہو رہا ذاتی مفادات کی بجائے حکمرانوں ملکی مفادات کی فکر کرنی چاہئے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں افغان تھا ، افغان ہوں اور افغان رہوں گا نادرا نے جن ہزاروں پشتونوں کے شناختی کارڈز کینسل کئے ہیں ان کے آباؤ اجداد سالوں سے پاکستانی باشندے ہیں فاٹا کے ارکان اسمبلی کو صوبائی اسمبلی میں کوٹہ دیا جائے انہوں نے وزیر داخلہ چودھری نثار کو مخاطب کرتے ہوئے سوال کیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر کس حد تک عمل ہوا ؟ وزیر داخلہ عوام کو کیوں نہیں بتاتے ؟ فاٹا ارکان اسمبلی کی ترامیم کو ہی ترجیح دی جانی چاہئے ۔

(جاری ہے)

ہماری لڑائی اے این پی کی ذاتی لڑائی نہیں بلکہ پختونخوا کی سلامتی کی جنگ ہے پختونوں کے تعلیم یافتہ طبقے کو راستے سے ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے جو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے راہنما محمد شعیب کا قتل امن کا قتل ہے ۔ پشتونوں ، افغانوں نے ہمارے کہنے پر اپنا خون بہایا اب ان کے ساتھ ایسا سلوک شرمندگی سے کم نہیں ۔ قبائلیوں کو اسمبلیوں میں نمائندگی دے کر احساس کمتری سے آزاد کیا جائے ۔