وفاقی ادارہ شماریات نے ملک بھر میں مرحلہ وار مردم شماری کرانے پر رضامندی ظاہر کر دی

فوج کے ساتھ سکیورٹی کے لئے رابطے میں ہیں، مرحلہ وار مردم شماری کے دوران سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے فوج دسمبر میں اپنی دستیابی کا جواب دے گی ،چیف شماریات آصف باجوہ ماہانہ بریفنگ

جمعہ 2 ستمبر 2016 11:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2ستمبر۔2016ء) وفاقی ادارہ شماریات نے ملک بھر میں مرحلہ وار مردم شماری کروانے پر رضامندی ظاہر کر دی ۔ مردم شماری آئندہ سال مارچ یا اپریل میں ہو سکتی ہے۔ فوج کے ساتھ سکیورٹی کے لئے رابطے میں ہیں مرحلہ وار مردم شماری کے دوران سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے فوج دسمبر میں اپنی دستیابی کا جواب دے گی ۔ مردم شماری کے حوالے سے ایک ارب 20 کروڑ روپے جاری ہو چکے ہیں آئینی طور پر فوج کی نگرانی میں مردم شماری کرانے کی کوئی پابندی نہیں ہے۔

جمعرات کو چیف شماریات آصف باجوہ ماہانہ بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں مرحلہ وار مردم شماری کروانے پر غور کیا جا رہا ہے اس حوالے سے دسمبر میں فوج اپنی دستیابی کا جواب دے گی ۔ مردم شماری کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر غور ہیں سپریم کورٹ کو بتایا ہے کہ مردم شماری آئندہ سال مارچ یا اپریل میں ہو سکتی ہے انہوں نے کہا کہ ماہانہ بنیادوں پر فوڈ آئٹمز کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

انڈوں کی قیمت میں 8.01 فیصد ، چینی 6.62 فیصد ، آلو 4.24 فیصد ، دال چنا 7.6 فیصد ، گڑ 2.55 فیصد ، آٹا 1.41 فیصدجبکہ چکن ، ٹماٹر ، پیاز ، تازہ فروٹ سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔ سالانہ بنیادوں پر وال ماش کی قیمت میں 45.90 فیصد ، دال چنا 40.41 فیصد، بیسن 38.31 فیصد ، ٹماٹر 32.85 فیصد ، سگریٹ 17.95 فیصد ، دال مسور 9.41 فیصد اور چینی کی قیمت میں 8.74 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ نان فوڈ آئٹمز میں موٹر وہیکل 1.88 فیصد ، ڈرگ اینڈ میڈیسن 1.67 فیصد اور میڈیکل آلات کی قیمتوں میں 0.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :