آرمی چیف سے عمران خان کی اچانک ملاقات،حکومتی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی

معلوم کیا جائے ملاقات طے شدہ تھی یا اتفاقیہ ‘ وزیراعظم کی ساتھیوں کو ہدایت

ہفتہ 3 ستمبر 2016 10:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3ستمبر۔2016ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے عمران خان کی اچانک 11 منٹ کی ملاقات نے حکومتی حلقوں میں کھلبلی مچا دی ہے اور وزیراعظم محمد نواز شریف نے فوری طور پر اپنے ساتھیوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ معلوم کیا جائے ملاقات طے شدہ تھی یا اتفاقیہ ‘ گزشتہ روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی مردان ہیلی پیڈ پر 11 منٹ تک ملاقات ہوئی جس میں مختلف امور زیر بحث آئے تھے جونہی میڈیا پر یہ خبرریلیز ہوئی تو حکومتی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

معتبر ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے قریبی ساتھیوں کو ہدایت کی ہے کہ فوری طور پر انٹیلی جنس کے ذریعے معلومات لی جائیں اس ملاقات کا کیا پس منظر تھا؟ کیا یہ ملاقات واقعی اتفاقیہ تھی یا کسی قوت نے اس کا خاص طور پر اہتمام کیا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ چند روز پہلے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آرمی چیف سے انتہائی خفیہ ملاقات کی تھی اور انہیں پیشکش کی تھی کہ وہ اگر فیلڈ مارشل بننا چاہیں تو حکومت اس کیلئے بھی تیار ہے اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف بنانے کو بھی تیار ہے۔

لیکن تاحال آرمی چیف کی طرف سے کوئی جواب نہیں دیا گیا اس وجہ سے حکومتی حلقوں میں پہلے ہی بے چینی پائی جاتی ہے اور گزشتہ روز ہونے والی آرمی چیف ‘ عمران خان ملاقات نے حکومت کے ماتھے پر پریشانی کی مزید گہری لکیریں پیدا کردی ہیں۔