ملکی برآمدات میں مسلسل کمی ’ حکومت کا وزیر تجارت خرم دستگیر کا قلمدان تبدیل کرنے کا فیصلہ

ملکی برآمدات گزشتہ 3سالوں کے دوران25ارب ڈالر سے کم ہو کر 21ارب80کروڑ ڈالر پر محدود ہو گئی

اتوار 4 ستمبر 2016 14:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4ستمبر۔2016ء) وفاقی حکومت نے ملکی برآمدات میں مسلسل کمی پر وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے ملکی برآمدات گذشتہ 3سالوں کے دوران25ارب ڈالر سے کم ہو کر 21ارب80کروڑ ڈالر پر محدود ہو گئی ہے خبر رساں ادارے ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے برامدات میں مسلسل کمی کی وجہ سے وزیر تجارت کا قلمدان تبدیل کرنے پر غوروخوص کرنا شروع کر دیا ہے وزیر اعظم نواز شریف نے گذشتہ روز فیصل آباد میں ایک تقریب کے دوران اس کا اظہار بھی کیا وزیر اعظم نے وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خرم دستگیر صاحب آپ جتنی توجہ کھانے پر دیتے ہیں اتنی ہی توجہ ملکی برامدات کو بڑھانے پر بھی دیں تاکہ ملکی معشیت میں بہتری لائی جا سکے وزیر اعظم نے انہیں ملکی برآمدات میں خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ذرائع نے بتایا کہ ملکی برآمدکنندگان اور تاجر برادری نے بھی وزیر اعظم کوخرم دستگیر کی جگہ کسی اور کو اس سیٹ پر لانے کا مشورہ دیا ہے جس کے بعد وزیر اعظم نے دیگر رفقا سے صلاح مشورہ شروع کر دیے ہیں دریں اثنا وفاقی وزیر تجارت بھی برآمدات میں مسلسل کمی پر کافی پریشان ہیں ذرائع نے بتایا کہ خرم دستگیراپنے قریبی رفقا کو نجی محفل میں بتا رہے ہیں کہ انہیں حکومت وزیر خارجہ کا قلمدان دینے جا رہی ہے جس کی وجہ سے انہوں نے وزارت کے امور پر خصوصی توجہ دینا چھوڑ دی ہے خبر رساں ادارے کے پاس دستیاب دستاویزات کے مطابق ملکی برآمدات گذشتہ مالی سال کے دوران 21ارب80کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی ہیں گذشتہ دور حکومت میں ملکی برآمدات 25ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھی اور وزیر اعظم نے برسر اقتدار میں آنے کے بعد برآمدات کو 50ارب ڈالر پر لے جانے کا اظہار کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :