بھارتی پارلیمانی وفد کی سرینگر آمد،حریت رہنماؤں کاملنے سے انکار،بھارتی فوج کی فائرنگ سے250 سے زائد کشمیری زخمی

مظاہرین نے ضلعی انتظامیہ کے دفتر کو نذر آتش کر دیا

پیر 5 ستمبر 2016 11:04

سری نگر/نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔4ستمبر۔2016ء) بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی قیادت میں مختلف سیاسی جماعتوں کا 30 رکنی وفد سرینگر پہنچ گیا، مقبوضہوادی میں بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی اور بربریت کے نتیجے میں 250کشمیری زخمی ہوگئے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی قیادت میں مختلف سیاسی جماعتوں کا 30 رکنی وفد سرینگر پہنچ گیا ۔

مقبوضہ کشمیر میں مسلسل 58 ویں روز بھی کرفیو کے باعث کشیدگی برقرار ہے، جنت نظیر وادی میں نظام زندگی مفلوج جب کہ تعلیمی ادارے بند ہیں۔ حریت رہنماؤ ں نے بھارتی وفد سے مذاکرات کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔دوسری جانب بھارتی حکومت کے وفد کی مقبوضہ کشمیر آمد کے موقع پر ہزاروں کی تعداد میں آزادی کے متوالے سڑکوں پر آ گئے اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ریاست کی کٹھ پتلی وزیر اعلی محبوبہ مفتی، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی تصاویر بھی جلائیں، شوپیاں میں مشتعل مظاہرین نے منی سیکرٹریٹ کی عمارت کو آگ لگا دی جب کہ بھارتی فورسز نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہتے کشمیریوں پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں250 افراد زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 کشمیری شہید ہو گئے تھے جب کہ 9 جولائی کو بھارتی تحریک آزادی کے نوجوان کمانڈر برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد سے بھارتی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک 90 سے زائد لوگ شہید ہو چکے ہیں۔ادھر کل جماعتی وفد کی سری نگر آمد کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں میں مظاہرین نے ضلعی انتظامیہ کے دفتر کو نذر آتش کر دیا ہے جبکہ سکیورٹی فورسز نے مظاہرین کومنتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لاٹھی چارج میں کچھ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں تاہم ان کی تعداد کے بارے میں تصدیق نہیں کی گئی۔علاقے میں کشیدگی کے بعد کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے جبکہ ہائی وے پر سیکورٹی فورسز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ ’جن علاقوں میں احتیاطی تدبیر کے طور پر کرفیو نافذ کیا گیا ہے، وہاں علیحدگی پسند رہنماوٴں نے لوگوں سے کہا ہے کہ کل جماعتی وفد کے دورے کے دوران ایئر پورٹ روڈ، لال چوک، سٹی سینٹر اور ضلع ہیڈ کوارٹر پر قبضہ کر لیں