پانامہ لیکس ایشو کے بعد حکومت سوئزرلینڈ سمیت دیگر 90ممالک سے معاہدے کر رہی ہے ،وزارت خزانہ کی سینٹ کو یقین دھانی

آئندہ کسی بھی ملک میں اکاؤنٹ کھلے، منی لانڈرنگ ہو یا کوئی خرید و فروخت تو وہ ممالک پابند ہوں کہ حکومت پاکستان کو آگاہ کریں، وزیر قانون زاہدحامد کا وزیر خزانہ کی جگہ سینٹ میں جواب

بدھ 7 ستمبر 2016 10:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7ستمبر۔2016ء) وزارت خزانہ نے سینیٹ کو یقین دہانی کروائی ہے کہ پانامہ لیکس ایشو کے بعد حکومت سوئزرلینڈ سمیت دیگر 90ممالک سے معاہدے کر رہی ہے کہ آئندہ کہیں بھی کسی ملک میں اکاؤنٹ کھلے، منی لانڈرنگ ہو یا کوئی خرید و فروخت ہو تو وہ ممالک پابند ہوں کہ حکومت پاکستان کو آگاہ کریں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر قانون زاہدحامد نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جگہ سینیٹ میں سینیٹر اعظم خان سواتی، سینیٹر طاہر مشہدی کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اب جو حکومت وقت معاہدے کررہی ہے تاکہ مستقبل قریب میں خود بخود دیگر ممالک سے معلومات آتی رہیگی، سینیٹر طاہر مشہدی نے کہا کہ ملک میں سوائے چند بسوں کے کچھ نظر نہیں آرہا ہے کیا یہ فقرہ درست ہے کہ ہماری آنیاں بھی دیکھ جانیاں بھی، اربوں کا ادھار لیکر ملک چلایا جارہا ہے، تو ہمیں چند بسیں ہی نظر آتی ہیں،اس حوالے سے وزارت خزانہ کی جانب سے زاہد حامد نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ملک میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جارہا ہے، انشاء اللہ وہ بھی نظر آئیگا۔