لاہور،عیدالاضحی سے قبل سیاسی واہم شخصیات کو دہشت گردوں کی جانب سے دھمکی آمیز خطوط

صوبائی دارالحکومت میں سکیورٹی ریڈ الرٹ ،و سکیورٹی کی اضافی نفری تعینات کرنے کا فیصلہ

پیر 12 ستمبر 2016 10:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12ستمبر۔2016ء) عیدالاضحی سے قبل سیاسی واہم شخصیات کو دہشت گردوں کی جانب سے دھمکی آمیز خطوط ملنے کے بعد صوبائی دارالحکومت میں سکیورٹی کو ریڈ الرٹ کرتے ہوئے شہر کی معروف مساجد، عیدگاہوں، مزارات اور امام بارگاہوں کے ساتھ ساتھ عید کی نماز کے لئے استعمال ہونے والے کھلے میدانوں کے چہار اطراف سکیورٹی کی اضافی نفری تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے پولیس ذرائع کے مطابق حساس قراردی جانے والی مساجد عیدگاہوں اور امام بارگاہوں کے باہر کمانڈر اور ماہر نشانہ باز تعینات کیے جائینگے۔

اے کیٹگری میں شامل حساس مساجد اور کھلے مقامات پر6ہزار سکیورٹی اہلکار وافسران کو تعینات کیا جائے گا۔ عید کے موقع پر تشکیل دئیے جانے والے سکیورٹی پلان کے بارے میں اعلی شخصیات کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سکیورٹی پلان کے حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوام کی جان ومال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے سی ٹی وی کیمروں کے ساتھ ساتھ میٹیل ڈیٹکیٹر سے بھی چیکنگ کی جارہی ہے۔معمولی شک گزرنے پر سواریوں کو گاڑیوں سے اتارنے کے بعد مکمل تلاشی کے بعد ہی داخل ہونے کی اجازت دی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :